آٹا مہنگا ہونے سے ہفتہ وار افراط زر شرح میں 076 فیصد اضافہ

10جنوری کوختم ہفتے میں گندم، ٹماٹر اور ایل پی جی کی قیمتیں 4 تا6 فیصدبڑھیں۔


Khususi Reporter/Business Desk January 12, 2013
پیاز، چینی، مرغی، دال چنا بھی مہنگی،6 اشیا کے نرخ کم، سال بہ سال7.51 فیصد انفلیشن۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

مہنگائی میں اضافے کاسلسلہ چھٹے ہفتے بھی جاری رہا۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعداد وشمارکے مطابق 10 جنوری 2013کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ (ایس پی آئی) 0.76 فیصدکے اضافے سے 191.79کی سطح پر چلاگیا جو ایک ہفتے قبل یعنی 3جنوری کو ختم ہفتے میں190.35 رہا تھا تاہم سال بہ سال ایس پی آئی میں 7.51فیصداضافہ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 16اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور6کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ31 کے بھائو برقرار رہے، افراط زر کی شرح بڑھنے میں بڑا کردار آٹے کا رہا جس میں ہفتہ وار انفلیشن میں مجموعی حصہ 0.473 فیصد رہا، ایک ہفتے میںآٹے کی اوسط قیمت میں4.24 فیصداضافہ ہوا، اس دوران ٹماٹر اورگندم کی قیمتوں میں بھی6 فیصد سے زائداور ایل پی جی کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔



جبکہ پیاز کی قیمت بھی کم وبیش ڈھائی فیصد بڑھ گئی، چینی، زندہ مرغی اور دال چنا کی قیمتوں میں بھی 1 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ گڑ، باسمتی ٹوٹاچاول، کیلے، جلانے کی لکڑی، دال مونگ، اری6 چاول،دال ماش اور دال مسور کی قیمتیں بھی ہفتہ وار بنیادوں پر 0.9 فیصد تک مہنگی ہو گئیں، گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ کمی انڈے کے نرخ 2.47 فیصد ہوئی، اس کے علاوہ سرخ مرچ پسی (کھلی)، لہسن، آلو، سرسوں کے تیل اور ویجیٹیبل گھی (کھلے) کی قیمتوں میں 0.04 سے 0.98 فیصد تک کمی ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق 10 جنوری2013 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8ہزار ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 1.17 فیصد، 12 ہزار تک کمانے والوں کے لیے 1.01 فیصد، 18 ہزار ماہانہ آمدن والوں کے لیے 0.90 فیصد، 35 ہزار ماہانہ انکم والوں کے لیے 0.77 فیصد اور35 ہزار روپے سے زائد کمانے والوںکے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں