یوم پاکستان پرمقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن حریت قیادت نظر بند

فورسز نے علی گیلانی، میر واعظ، یاسین ملک ودیگر کو بند کر دیا، نعیم احمد سری نگر ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیے گئے


INP/این این آئی March 23, 2017
فورسز نے علی گیلانی، میر واعظ، یاسین ملک ودیگر کو بند کر دیا، نعیم احمد سری نگر ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیے گئے: فوٹو؛فائل

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنماؤںکو نئی دہلی جانے اور بھارتی دارلحکومت میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے روکنے کیلیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن نے حریت رہنماؤں کو 23 مارچ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔ انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اوردیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک ، اشرف صحرائی ، شبیرشاہ، ظفر اکبر بٹ، مختار احمد وازہ ،ایاز اکبر، الطاف شاہ، راجا معراج الدین کلوال، عمر عادل ڈاراور شاہد الاسلام کو گھروںمیں نظر بندیا زیر حراست رکھا۔ بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نعیم احمد خان کو سری نگر ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا وہ جہاز کے ذریعے نئی دہلی جانیوالے تھے۔ بھارتی پولیس نے شوکت احمد بخشی ودیگر رہنماؤںکے گھروں پر بھی چھاپے مارے اوراہل خانہ کو ہراساں کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم فورم اور کشمیرہائی کورٹ بارایسوسی نے سری نگر میں اپنے بیانات میں قابض انتظامیہ کی طرف سے حریت قیادت پر پابندیوںکی شدید مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ نے پورے مقبوضہ علاقے کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے جہاں پر لوگوںکی تمام بنیادی آزادیاں سلب کرلی گئی ہیں۔ دریں اثناسید علی گیلانی ، مختا ر احمد وازہ، ظفر اکبربٹ اور فاروق احمد ڈار نے اپنے بیانات میں یوم پاکستا ن پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔

دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ جمو ں وکشمیر پاکستان کا حصہ بننے تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مارچ2000میں پتھری بل اور براک پورہ میں شہید کیے جانے والے بے گناہ کشمیریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ فوجیوں نے پتھری بل میں 5 افراد کو ایک جعلی مقابلے میںجبکہ براک پورہ میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کر کے 7افراد کو شہید کر دیا تھا۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، یاسین ملک ، شبیر شاہ ، آسیہ اندرابی کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ حریت قیادت کو فوری طور پر رہا کرے تاکہ وہ (آ ج) جمعرات کو نئی دہلی میں پاکستان کے سفارت خانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب میں شرکت کر سکیں، حریت قیادت پریوم پاکستان کی تقریب میں شرکت پر پابندی جمہوری اصولوں اور نقل و حرکت کی آزادی کے خلاف ہے۔

بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، یاسین ملک ، شبیر شاہ ، آسیہ اندرابی کی گرفتاری اور پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان میں ہونے والی تقریب میں شرکت سے روکنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ حریت قیادت پر پابندی جمہوری اصولوں اور نقل و حرکت کی آزادی کے خلاف ہے ۔ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیری رہنمائوں کو فوری طور پر رہا کریں تاکہ وہ یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب میں شرکت کر سکیں۔ آزادی پسند تنظیموں کی آزاد کشمیر شاخوں کے رہنمائوں نے اسلا م آباد میں ایک اجلاس کے دوران کشمیریوں کاز کی بھر پورسیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں