سبزیوں اور پولٹری کی قیمتوں کو پر لگ گئے مہنگائی میں اضافہ

بکرے کے گوشت، ٹوٹا چاول، ہوٹل میں پکابیف، ایل پی جی، جلانے کی لکڑی، چینی، گھی اور کیلے کے بھاؤ میں بھی اضافہ


Business Desk March 26, 2017
افراط زر میں سال کا تیزترین اضافہ، ٹماٹر59 فیصد مزید مہنگے، قیمتیں150روپے تک جا پہنچیں. فوٹو: ایکسپریس/فائل

سبزیوں اور پولٹری کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ 1 ہفتے کے دوران تقریباً1.2 فیصد کا اضافہ ہوا جو رواں سال کا تیز ترین اضافہ ہے، ٹماٹر، انڈے اورمرغی کی قیمتوں میں اس قدر تیزی سے اضافہ ہوا جیسے پر لگ گئے ہوں۔

پاکستان بیوروشماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں اوسطاً 59 فیصد کے اضافے سے 115روپے فی کلوگرام ریکارڈ کی گئیں تاہم ملک کے بعض شہروں میں نرخ 150روپے فی کلو گرام تک جا پہنچے خصوصاً اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بھاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا، پنجاب کے بیشتر شہروں میں ٹماٹر کی قیمتیں 120روپے سے تجاوز کرگئیں، کراچی میں زیادہ سے زیادہ نرخ 110 روپے فی کلو ریکارڈ کیے گئے، ٹماٹر کے نرخ خیبرپختونخوا میں بھی 100 روپے سے زیادہ رہے تاہم سب سے کم قیمتیں صوبہ بلوچستان کے شہروں میں ریکارڈ کی گئیں، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹماٹر کے کم سے کم نرخ 55 روپے فی کلو ریکارڈ کیے گئے.

دوسری طرف انڈے کے نرخ بھی اچانک بڑھ گئے، ملک میں انڈے کی اوسط قیمت 16فیصد بڑھ کر 97 روپے فی درجن ہوگئی تاہم وفاقی دارالحکومت میںقیمت110، پنجاب سندھ و خیبر پختونخوا میں 100روپے سے بھی زیادہ رہی، اسی طرحمرغی کی اوسط قیمت 8فیصدکے اضافے سے 184.45 روپے فی کلوگرام ریکارڈ کی گئی مگر کراچی میں زندہ مرغی کی قیمت 215 روہے، اسلام آباد حیدرآباد میں 200 روپے، راولپنڈی 175، گوجرانوالہ 177، سیالکوٹ183، لاہور 174، فیصل آباد 190، سرگودھا170، ملتان 195، پشاور میں 188 روپے فی کلوگرام ریکارڈکی گئی۔

ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 24مارچ کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 13 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آلو کی قیمت ڈیڑھ فیصد کے اضافے سے 30روپے فی کلوگرام ہوگئی، اس کے علاوہ پیاز،بکرے کے گوشت، ٹوٹاچاول،ہوٹل کی پکا بیف پلیٹ، ایل پی جی، جلانے کی لکڑی، چینی، گھی اور کیلے کے بھاؤ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ اس دوران 9 اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں مگر یہ کمی واجبی سی رہی، دالوں کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اس ہفتے بھی برقرار رہا، دال چنا کی قیمت سب سے زیادہ 1.42 فیصد کمی سے اوسطاً 128 روپے فی کلوگرام ہوگئی، دال مسور0.84 فیصد، دال ماش0.83 فیصد اور دال مونگ 0.81فیصد سستی ہوئی، لہسن، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی، گندم، آٹے اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 4.82 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں