دیس بدیس کے کھانے

بنائیں اپنی پسند کے ذائقے دار کھانے۔


غزالہ عامر April 03, 2017
بنائیں اپنی پسند کے ذائقے دار کھانے۔ فوٹو: فائل

چکن جلفریزی

اجزا: مرغ کی ران کا گوشت ( بغیر ہڈی ): تین پاؤ، لہسن کے جو: دو عدد ( کترے ہوئے)، پیاز:ایک عدد ، باریک کتری ہوئی، ہلدی کا سفوف: ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک: ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر: آدھا کلو، کٹے ہوئے، تیل:ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، زیرہ ( پسا ہوا ):ایک چائے کا چمچہ، دھنیا ( پسا ہوا):ایک چائے کا چمچہ، ادرک (کُچلی یا کدوکش کی ہوئی ): دو کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا ( پتے ):دو کھانے کے چمچے

بنانے کا طریقہ:

کڑاہی یا دیگچی وغیرہ میں دو کھانے کے چمچے کوکنگ آئل میں تیز آنچ پر پیاز اور لہسن بھون لیں۔ دھیان رہے کہ پیاز جل نہ جائے۔ بعدازاں کڑاہی میں گوشت، ہلدی، سرخ مرچ کا پاؤڈر اور نمک ڈال دیں۔ درمیانی آنچ پر پانچ سے دس منٹ یا گوشت کے سنہرا ہونے تک بھونیں۔ اس دوران برتن میں چمچہ ہلاتے رہیں۔ اب اس میں ٹماٹر ڈال کر ڈھک دیں اور بیس منٹ تک درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ دس منٹ کے بعدڈھکن اتار دیں تاکہ اضافی پانی بھاپ کی صورت میں اڑ جائے اور سالن میں گاڑھا پن آجائے۔اب زیرہ، دھنیا، ادرک، ہرا دھنیا شامل کریں اور پانچ سے سات منٹ تک چمچہ چلاتے رہیں۔ لیجیے، مزیدار چکن جلفریزی تیار ہے۔ اسے سادہ چاول اور نان کے ساتھ پیش کیا جاسکتا ہے۔

سبزی بریانی

اجزا: دُھلے ہوئے باسمتی چاول:ڈیڑھ کپ، پانی:تین کپ، نمک:ایک چٹکی، سبزیوں کے لیے: گھی یا مکھن:ایک کھانے کا چمچہ، کوکنگ آئل:ایک کھانے کا چمچہ، پیاز:ایک عدد ( کتری ہوئی)، لہسن: دو جوے (کُچلے یا کدوکش یے ہوئے )، ادرک:ایک کھانے کا چمچہ ( کُچلی یا کدو کش کی ہوئی )، پسا سفید زیرہ :نصف چائے کا چمچہ، ہلدی: ایک چائے کا چمچہ، کری پاؤڈر: نصف چائے کا چمچہ، پسی ہوئی تیز سُرخ مرچ: دو چُٹکی، بڑے سائز کا آلو:ایک عدد ( اُبال کرڈیڑھ ڈیڑھ انچ کے ٹکڑے کرلیں )، گاجر:دو عدد ( ڈیڑھ ڈیڑھ انچ کے ٹکڑے کرلیں )، پانی : دو کپ، نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچہ، مٹر کے دانے:تین سو گرام، دہی:ایک چوتھائی کپ، تازہ سرخ مرچ:ایک عدد ( بیج نکال کر کُچل پیس لیں )، ٹماٹر:ایک عدد ( آدھ انچ کے ٹکڑے کرلیں )، دھنیے کے پتے:نصف کپ

بنانے کا طریقہ:

پانی میں نمک ڈال کر ابال لیں۔ اب اس میں چاول ڈال دیں، اور اس وقت تک چمچہ چلاتے رہیں جب تک تقریباً تمام پانی چاول میں جذب نہ ہوجائے۔ اب چاول نکال کر ( اگر ضرورت ہو تو) خشک کرلیں، اور برتن میں ڈال کر ڈھک دیں تاکہ گرم رہیں۔

اس دوران ایک بڑے فرائی پان میں گھی یا مکھن اور کوکنگ آئل ڈال دھیمی آنچ پر گرم کریں۔ اب اس میں پیاز ڈال کر بھونیں یہاں تک کہ یہ نرم ہوجائیں۔ پھر لہسن اور ادرک شامل کریں اور قریباً ایک منٹ تک چمچہ چلاتے رہیں ، یہاں تک کہ مسالے میں سے خوش بُو آنے لگے۔ اب زیرہ، ہلدی، کری پاؤڈر اور تازہ سرخ مرچ ڈال دیں۔ چمچہ برابر ہلاتے رہیں۔ ایک سے دو منٹ کے بعد آلو، گاجر، پانی اور نمک شامل کردیں۔ اس موقع پر آنچ تیز کردیں اور چمچہ ہلاتے رہیں حتیٰ کہ سبزیاں گل جائیں اور فرائی پان میں پانی باقی نہ رہے۔ اب اس میں مٹر کے دانے ڈال دیں، اور کچھ دیر تک پکانے کے بعد چولھا بند کردی۔ ایک الگ برتن میں نکال لیں، اور اس میں چاول اور دہی شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اوپر دو چٹکی پسی ہوئی مرچ چھڑک دیں، اور ٹماٹراور دھنیے کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔

بالٹی فش

اجزا: مچھلی کا گوشت( بغیر کانٹے والا): آٹھ سوگرام، کھانے کا تیل: ایک کھانے کا چمچہ، پیاز( درمیانی ):تین عدد، باریک کٹی ہوئی، ادرک ( کُچلی یا کدوکش کی ہوئی): ایک کھانے کا چمچہ، تازہ سُرخ مرچ ( پتلی اور لمبی جو تیز ہوتی ہے) ایک عدد، باریک کتری ہوئی، ہلدی ( پسی ہوئی):دو چائے کے چمچے، لال مرچ( پسی ہوئی):ایک چائے کا چمچہ، سفید زیرہ ( پسا ہوا):ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر ( اُبال کر چھلکے اتارے گئے ہوں ):آٹھ سو گرام، کوکونٹ کریم:آدھا کپ، ہرا دھنیا ( پتے ): چوتھائی کپ، ہرا پودینہ ( پتے ): ایک کھانے کا چمچہ

بنانے کا طریقہ:

مچھلی کا گوشت دو دو سینٹی میٹر کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ کوکنگ آئل میں پیاز، لہسن، ادرک، سرخ مرچ، اور دوسرے مسالے ڈال کر بھونیں، حتیٰ کہ پیاز نرم ہوجائے۔ اب اس آمیزے میں کُچلے ہوئے ٹماٹر شامل کردیں اور قریباً ایک گلاس پانی ڈال دیں۔ ٹماٹر اور مسالوں کا آمیزہ جب اُبلنے لگے توآنچ دھیمی کردیں۔ ڈھکن اتار دیں۔ گاڑھا ہونے پر اس میں مچھلی اور کوکونٹ کریم ڈال دیں۔ آنچ تیز کردیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ اگر مچھلی کا گوشت گل گیا ہے تو چولھا بند کردیں۔ ہرے دھنیے اور پودینے سے سجا کر چاول کے ساتھ پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں