گرانٹ کا اجرا باکسر وسیم کا حکومت سے اظہار تشکر

پروفیشنل تیاریوں میں مدد ملے گی، وفاقی وزیر نے بھی تعاون کا یقین دلایا، اسٹار


پروفیشنل تیاریوں میں مدد ملے گی، وفاقی وزیر نے بھی تعاون کا یقین دلایا، اسٹار۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پاکستان کے پہلے پروفیشنل باکسر اور عالمی سلور فلائی ویٹ چیمپئن محمد وسیم نے حکومت پاکستان کی جانب سے 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کی اسپیشل گرانٹ کے اجرا پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی ٹریننگ کے اخراجات میں مالی معاونت سے اب وہ زیادہ یکسوئی کے ساتھ محنت اور جدوجہد کرسکیں گے۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم نے کہا کہ پروفیشنل مقابلوں کی تیاریوں اور عالمی فائٹس کیلیے ملنے والی اس رقم کے جاری ہونے سے ان کی مالی مشکلات دور ہوجائیں گی، انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پاکستان کے پہلے پروفیشنل باکسر بننے اور ورلڈ باکسنگ کونسل کے سلور فلائی ویٹ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے پر میرے لیے3کروڑ روپے کو خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی تھی۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حیسن پیر زادہ کی سفارش پر اسپیشل گرانٹ کی مد میں جاری کیے جانے والے2 کروڑ30لاکھ روپے کے حوالے سے بعض معاملات سرد خانے میں تھے تاہم وزیر اعظم ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ملک کیلیے میری خدمات کوسراہتے ہوئے منظور کی جانے والی رقم کو میرا حق قراردیا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بھی اس ضمن میں اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی، 29 سالہ محمد وسیم نے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرح وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اعلان کے مطابق50 لاکھ روپے انعام کے اجرا کو ممکن بنائیں، انھوں نے مجھے گھر فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔

ایک سوال کے جواب میں محمد وسیم نے کہاکہ وہ جلد کوریا جارہے ہیں اور وہاں سے امریکا پہنچ کر اپنی ٹریننگ کا آغاز کریں گے، انھوں نے کہا کہ امریکی باکسر اسکر کانتو سے ان کی فائٹ کا پروگرام کینسل ہوگیا ہے جبکہ اگلی فائٹ کیلیے مدمقابل کا اعلان اگلے ہفتے ہوجائیگا۔

واضح رہے کہ محمد وسیم نے جون 2015 میں پاکستان کے پہلے پروفیشنل باکسر بننے کا اعزاز حاصل کیا، پہلی ہی پروفیشنل فائٹ میں کامیابی سے ہمکنار ہونے والے محمد وسیم نے17 جون2017 کو اپنی چوتھی فائٹ میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دیکر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلورویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا، بعدازاں وہ فلپائن ہی کے گیمل میگرامو کو ہراکر اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں