امریکا کا شمالی کوریا پر سخت پابندیاں لگانے پر غور

حملے کی غلطی کی تو امریکا اور جنوبی کوریا کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، کم جونگ


AFP April 28, 2017
شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہر کو آئندہ ہفتے ملک میں آنے کی اجازت دے دی، چین۔ فوٹو: نیٹ

امریکا نے شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام کو ختم کرنے کے لیے دباؤ بڑھانے اوراس پر سخت پابندیاں عائد کرنے سمیت سفارتی اقدامات اٹھانے پرغورشروع کردیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس حکمتِ عملی کا اعلان 100 امریکی سینیٹرز کے ساتھ ہونے والی خاص بریفنگ کے بعد کیا گیا جبکہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن ،وزیر دفاع جیمز میٹس اور نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ڈان کوٹس نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا جزیرہ نما کوریا کا استحکام اور پرامن جوہری تخفیف چاہتا ہے،ہم اپنے ہدف کی جانب مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم ہم اپنا اور ہمارے اتحادیوں کا دفاع کرنے کے لیے بھی تیار رہتے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کانقطہ نظریہ ہے کہ جنوبی کوریا پراس کے جوہری اور میزائل پروگرام کوختم کرنے کے لیے دباؤبڑھایاجائے جس میں اس پر اقتصادی پابندیاں سخت کرنے کے ساتھ سفارتی اقدامات بھی کیے جائیں جبکہ بحرالکاہل میں امریکا کے سب سے اعلیٰ فوجی کمانڈر کا کہناتھاکہ جنوبی کوریا میں جدید دفاعی میزائل نظام کی تنصیب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو اگر اپنے گھٹنوں پر نہیں تو ان کے ہوش ٹھکانے لے آئے گی۔

ادھر امریکی پیسیفک کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل ہیری ہیرس نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ امریکا شمالی کوریا کے میزائل خطرے سے نمٹنے کے لیے بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ تیار رہے گا،غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکا اور جنوبی کوریا نے جنگی مشقیں شروع کردی جبکہ شمالی کوریا نے بھی اب تک کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغازکردیا ہے۔

علاوہ ازیں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکااورجنوبی کوریا کو دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے حملے کی غلطی کی دونوں ملکوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیاجائے گا،اس کے50 لاکھ بچے ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہیں جوہر خطرے سے نمٹنے کے لیے تیاربیٹھے ہیں، جنوبی کوریا میں امریکا ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی تباہ کردیا جائے گا۔

دوسری جانب شمالی کوریا نے جنوب مشرقی ایشین ممالک کی تنظیم ''آسیان'' سے امریکا کی طرف سے بڑھتے ہوئے دباؤ اور جنگی ماحول کے باعث مددطلب کرلی ہے ،آسیان کے نام خط میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے لکھا کہ امریکی جارحیت کے باعث خطے میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے جسے روکنے کے لیے آسیان ممالک ہماری مدد کریں۔

شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہر کو آئندہ ہفتے ملک میں آنے کی اجازت دیدی ہے جو معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے شمالی کوریا میں جائزہ لیگا، چین نے جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل نظام کی تنصیب کے تناظر میں لائیو فائر مشقیں شرو ع کرنے کا اعلان کیاہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں