قومی باکسرز کیلیے کیوبن کوچ کی خدمات حاصل کرلی گئیں

پاکستان اسپورٹس اور کیوبن کوچ جورج لوئس فورمیٹا میٹوس کے مابین دو سالہ کنٹریکٹ پر دستخط ہو چکے ہیں۔


Numainda Khususi January 21, 2013
جارج لوئس کیساتھ 2 سالہ معاہدہ طے، وزارت داخلہ جلد این او سی جاری کردے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی تربیت کیلیے کیوبا سے تعلق رکھنے والے کوچ جارج لوئس فورمیٹا میٹوس کی خدمات حاصل کر لیں، وہ 2 سال تک قومی باکسرز کی ٹریننگ کرینگے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے حکام کے مطابق پاکستان اسپورٹس اور کیوبن کوچ جورج لوئس فورمیٹا میٹوس کے مابین دو سالہ کنٹریکٹ پر دستخط ہو چکے ہیں اور انھیں بہت جلد وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد وہ قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ دوسری طرف پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے سیف گیمز اور دیگر بین الاقوامی ایونٹ کی تیاری کیلیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پیر سے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم سیف گیمز، ایشین گیمز، اے ایس بی چیمپئن شپ، عالمی چیمپئن شپ سمیت کئی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرے گی۔

تربیتی کیمپ کیلیے پاکستان پولیس کے محب باچا اور عطااللہ، واپڈا کے محمد وسیم اور عامر خان، ریلوے کے سید محمد آصف، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سید محمد حسین اور سید اسرار، پاکستان ایئر فورس کے نعمت اللہ، مرزا اعظم اور عدنان حسن، پاکستان نیوی کے قادر خان، تنویراحمد، دائود علی اور در محمد، پاکستان آرمی نواز داد، ذوالقرنین عباس ،ریاض علی اور وقار علی، سندھ کے ارشد اور میر بالاج، بلوچستان کے عصمت اللہ، نعمت اللہ اور پنجاب کے عبدالرحمان کو طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فیڈریشن کی خواہش ہے کہ کیوبن کوچ جاری تربیتی کیمپ میں ٹیم کو جوائن کرلیں تاکہ باکسنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ماضی کے شاندار دور کی جانب لوٹایا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں