جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں انتخابات کے اعلان کے بعد ہی بات چیت ہوگی۔
راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید منورحسن نے کہا کہ ملک میں دیندار طبقہ بھی اپنا ووٹ سیکولر اور موقع پرستوں کی جھولی میں ڈال دیتا ہے لیکن اب اس روش کو بدلنا ہوگا تب ہی ملک میں حقیقی تبدیلی آسکتی ہے۔
منورحسن کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کے لانگ مارچ کا اختتام جس بھونڈے طریقے سے ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو عوامی مسائل کے حوالے سے بھی ایک موقف پر اتحاد و یکجہتی کامظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کئی معاملات پر مشترکہ موقف رکھتی ہیں اس لئے عمران خان نظریاتی طور پر ان سے قریب ہیں تاہم انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی مذاکرات جاری رہیں گے۔