رمضان کے پہلے عشرے میں قاتلوں نے57 افرادکی جان لے لی

ٹارگٹ کلنگ اوراغواکے بعد قتل کرکے لاشیں پھینکنے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری


Munawar Khan July 31, 2012
ٹارگٹ کلنگ اوراغواکے بعد قتل کرکے لاشیں پھینکنے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ۔ فوٹو: فائل

کراچی میں رواں سال کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کے بعد قتل کرکے لاشیں پھینکنے کا نہ ختم ہونے والاسلسلہ رمضان المبارک میں بھی بلاتعطل جاری ہے،رمضان کے پہلے عشرے میں قتل وغارت گری کے دوران پولیس اہلکاروں اورخواتین سمیت57 افراداپنی زندگی کی بازی ہار گئے

جبکہ درجنوں افراد فائرنگ سے زخمی ہوگئے، پولیس کسی بھی ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے میں ناکام رہی جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایاجاتا ہے ۔رمضان کے پہلے عشرے کے دوران شہرکے مختلف علاقوں میں قتل و غارت گری کا بازارگرم رہا جس میں یکم رمضان کو 9 افراد اپنی زندگی کی بازی ہارے جبکہ 11 افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا ، دوسرے رمضان کو مختلف علاقوں میں 6 افراد کو زندگی سے محروم اور 7 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا ،

تیسرے اور چوتھے روزے کو پانچ 5 افراد مارے گئے اور 19 افراد فائرنگ سے زخمی ہوئے ، پانچویں روزے کو مختلف علاقوں میں 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ 13 افراد فائرنگ سے زخمی ہوگئے ، چھٹے روزے کو قتل و غارت گری میں دوبارہ تیزی آگئی اور مختلف علاقوں میں نہ صرف 9 افراد کو زندگی سے محروم کر دیا گیا بلکہ 9 افراد فائرنگ سے زخمی بھی ہوگئے ،

ساتویں اور آٹھویں روزے کو مختلف علاقوں میں تین 3 افراد کو نشانہ بنایا گیا ، نویں رمضان کو قتل و غارت گری کے واقعات میں ایک بار پھر شدت آگئی اور مختلف علاقوں میں میاں بیوی اور لڑکی سمیت 10 افراد کو زندگی سے محروم کردیاگیاجبکہ دسویں روزے کو پولیس اہلکار سمیت 4 افراد مارے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں