پاکستانی فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ کا پہلا ٹیزر ریلیز

مہرالنساء وی لب یو‘ کی ریلیز رواں سال عید الفطر پر متوقع ہے


نمرہ ملک May 04, 2017
مہرالنساء وی لب یو‘ کی ریلیز رواں سال عید الفطر پر متوقع ہے۔ فوٹو : فائل

اداکار اور فلمساز یاسر نواز بلوچ کی ہدایات میں بننے والی فلم 'مہر النساء وی لب یو' کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔

یاسر نواز کی ہدایات میں بننے والی فلم 'مہر النساءوی لب یو' کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے۔ جس کو دیکھ کر ایک بار پھر سے یہی گمان ہورہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک اور بالی ووڈ چربے اور تڑکے کی فلم کا اضافہ ہونے جارہا ہے تاہم اس کے ٹیزر میں خوبصورت وعکسبند مناظر پر گلزار کی مٹھاس اور چاشنی سے لبریز اردو شاعری ذہن پر گہرے نقوش چھوڑنے کی طاقت رکھتی ہے، اس فلم میں بیک وقت بالی ووڈ کی چھاپ ہونے کے باوجود یہ شائقین کے لیے تفریح کاسامان سمیٹے ہوئے ہے۔

فلم کے ٹیزر سے جو کہانی سامنے آئی ہے اس میں خاندان کے جھگڑے، رومانوی کہانی اور ولن سے لڑنا سب کچھ پیش کیا گیا۔جہاں تک اداکاری کی بات ہے فلم میں ثنا جاوید انتہائی خوبصورت انداز میں سامنے آئی ہیں جبکہ تمام فنکاروں کے تاثرات انتہائی متاثر کن معلوم ہوئے تاہم اس سے متعلق زیادہ کچھ ابھی نہیں کہا جاسکتا۔ فلم کے ٹیزر سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ فلم شائقین کو پسند آئے گی کیونکہ اس میں کمرشل اور مصالحہ فلم کے تمام اجزاءموجود ہیں۔ فلم کے ٹیزر سے واضح ہے کہ فلم" مہرالنساء وی لب یو" میں زندگی کے کئی رنگ شامل ہیں۔ فلم کا یہ پہلو غور طلب ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کسی فلم کی شاعری اردو کے نامور شاعر گلزار دے رہے ہیں۔'مہرالنساء وی لب یو' کی ریلیز رواں سال عید الفطر پر متوقع ہے۔

رومانویت، ڈرامہ اور ایکشن پر مبنی اس فلم کی کاسٹ میں دانش تیمور، ثناءجاوید، جاوید شیخ ، نیئر اعجاز اور قوی خان شامل ہیں۔ ثنا جاوید کی یہ پہلی فلم ہے، یہ فلم پروڈیوسر یاسر نواز، ندا یاسر اور حسن ضیاء کی پیش کش ہے جبکہ فلم کی کہانی یاسر نواز نے لکھی ہے جنہوں نے فلم کی ہدایت کاری بھی کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں