عراق میں 2 خودکش حملے 35 افراد ہلاک 50 زخمی

بغداد کے جنوبی علاقے ابودشیر اور بصرہ میں خود کش بمباروں نے بارود سے بھری گاڑیاں چیک پوسٹوں سے ٹکرادیں۔


AFP/News Agencies May 21, 2017
شام میں ڈیموکریٹک فورسز کی معاونت جاری رکھیں گے، امریکی وزیر دفاع، بمباری قبول نہیں، روسی وزیر خارجہ۔ فوٹو : فائل

عراق میں داعش شدت پسندوں کے خودکش حملوں میں 35 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔

دھماکے دارالحکومت بغداد اور ملک کے جنوبی علاقے میں ہوئے۔ بغداد کے جنوبی علاقے ابودشیر میں خودکش بمبار نے بارود سے بھری ہوئی کار چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس میں 24 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے تاہم حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرا خودکش حملہ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

دوسری جانب بصرہ شہر میں ایک اور خودکش بمبار نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی چیک پوائنٹ سے ٹکرا دی جس میں مزید 11 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ بصرہ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ایک اور خودکش بمباری کو ہلاک کردیا جو اپنی بارود سے بھری ہوئی گاڑی کو چھوڑ کر بھاگ گیا تھا۔

دریں اثناامریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ شام اور عراق میں داعش کے زیرتسلط 90 فیصد علاقے واپس لے لیے گئے ہیں، داعش کے پاس قبضے میں لیے گئے علاقوں کا صرف10 فیصد رقبہ بچا ہے، داعش کی کمر توڑ دی گئی ہے، یہ تنظیم ماضی کی طرح طاقتور نہیں رہی تاہم اس کی طرف سے خطرہ بدستور موجود ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ ان کا ملک شام کے الطبقہ شہر کو داعش سے چھڑانے میں سرگرم ڈیموکریٹک فورسز کی معاونت جاری رکھے گا، دوسری جانب داعش کے خلاف جنگ کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی بریٹ میک گورک نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ داعش کا انجام قریب تر ہے، انھوں نے کہا کہ اتحادی ممالک نے داعش کے مالی سوتوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی جانب سے الطبقہ شہر میں داعش کے خلاف آپریشن میں تنظیم کے 100 اہم جنگجو ہلاک کیے گئے ہیں، امریکی جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈانفورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے داعش کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم دیا ہے، انھوں نے کہا کہ ترکی کی سرحد سے متصل علاقوں میں داعش کے وجود کو ختم کر رہے ہیں۔

دوسری طرف امریکی فضائی حملے میں شامی صدر بشارالاسد کے حامی32 فوجی ہلاک ہوگئے، ادھر شامی اپوزیشن کی نمائندہ جیش الحر نے جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا، اقوام متحدہ کی زیرنگرانی چھٹے جنیوا اجلاس شامی اپوزیشن اور حکومت کے نمائندوں کی شرکت کے باوجود مذاکرات میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی جبکہ روس نے شام کے مشرق میں اردن کی سرحد کے نزدیک امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اور شام کی خود مختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔

علاوہ ازیں عراق میں داعش شدت پسندوں کے خودکش حملوں میں 35 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے، دھماکے دارالحکومت بغداد اور ملک کے جنوبی علاقے میں ہوئے، بغداد کے جنوبی علاقے ابودشیر میں خودکش بمبار نے بارود سے بھری ہوئی کار چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس میں 24 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے، حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے، جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرا خودکش حملہ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

دریں اثنا بصرہ شہر میں ایک اور خودکش بمبار نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی چیک پوائنٹ سے ٹکرا دی جس میں مزید 11 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے، بصرہ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ایک اور خودکش بمبار کو ہلاک کردیا جو اپنی بارود سے بھری گاڑی کو چھوڑ کر بھاگ گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں