متاثرین سرکلر ریلوے کی نو آبادکاری 2015میں شروع ہوگی

80گز پر تعمیرشدہ مکان فراہم کیے جائینگے،4ہزار 653 خاندانوں کی نوآبادکاری کیلیے 4 ارب کے اخراجات آئیں گے،ذرائع


Syed Ashraf Ali January 25, 2013
80گز پر تعمیرشدہ مکان فراہم کیے جائینگے،4ہزار 653 خاندانوں کی نوآبادکاری کیلیے 4 ارب کے اخراجات آئیں گے،ذرائع فوٹو: فائل

کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے کراچی سرکلر ریلوے کے متاثرین کی نوآبادی کاری کیلیے جامع منصوبہ بندی تیار کرلی۔

متاثرین کو 80گز پر تعمیرشدہ مکان فراہم کیے جائیں گے جبکہ فراہمی ونکاسی آب، بجلی، گیس، اسپتال ، پارکس اسکول اور دیگر تمام شہری سہولیات دی جائیں گی،4ہزار 653 خاندانوں کی نوآبادکاری کیلیے 4 ارب روپے اخراجات آئیں گے،کے سی آر کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی کی تعمیر کے بعد 3 سال تک مرمت ودیگر اخراجات حکومت برداشت کریگی بعدازاں سیلف فنانس کی بنیاد پرسوسائٹی کے معاملات حل کیے جائیں گے، اسکولوں واسپتالوں کے معاملات این جی اوز یا مخیر حضرات کے حوالے کیے جائیں گے۔

متاثرین کی نوآبادکاری کے لیے شاہ لطیف ٹائون کے قریب جمعہ گوٹھ پر 283ایکڑ مختص زمین کو قبضہ مافیا سے محفوظ رکھنے کیلیے چار دیواری فوری طور پر تعمیر کی جائیگی، نوآبادکاری کا عمل 2015میں شروع کیا جائیگا اور 2017 میں مکمل کرلیا جائیگا، کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے کے سی آر کے متاثرین کی نوآبادکاری کیلیے تمام اسٹیڈیز وسروے مکمل کرلیے ہیں۔



متعلقہ افسران نے بتایا کہ کے سی آرکے 43.2کلومیٹر ٹریک کے دونوںاطراف پاکستان ریلوے کی زمین پر رہائشی وتجارتی تجاوزات قائم ہیں جن میں چار ہزار سے زائدرہائشی مکانات ہیں جبکہ چند سو دکانیں بھی غیرقانونی طور پر تعمیر ہیں، منصوبہ بندی کے مطابق ان تمام متاثرین کو انسانی بنیادوں پر متبادل بہتر معیارزندگی فراہم کی جائیگی، واضح رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی وتعمیر نو کیلیے حکومت جاپان اور وفاقی حکومت کے درمیان رواں سال جون میں 2.6بلین یوایس ڈالر کے قرصے کے معاہدے کی حتمی شکل دیدی جائیگی جس کے بعد جولائی یا اگست میں میں منصوبے کی تعمیرات کا آغاز کردیا جائیگا اور پورا منصوبہ 2017میں مکمل کرلیا جائیگا۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایچ خلجی نے بتایا کہ جائیکا کی خصوصی ہدایت پر KCRمنصوبے کی تعمیرنو کے ساتھ متاثرین کی نوآبادکاری کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، نوآبادکار منصوبے کو شفاف بنانے کیلیے متاثرین کے وفود سے 32سے زائد اجلاس کیے جاچکے ہیں، متاثرین کی درخواست پر جائیکا نے 50ہزار نقد زرتلافی کے بجائے 80گز زمین پر مکان کی تعمیر کی اصولی منظوری دیدی، پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ شاہ لطیف ٹائون کے قریب جمعہ گوٹھ پر متاثرین کی آبادکاری کی جائیگی، آبادی میں پانی وبجلی اور گیس کی فراہمی کیلیے متعلقہ اداروں سے بات چیت ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کو دیگر تمام سہولیات زندگی بھی پہنچائی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں