لیدر جیکٹس
دھوپ نے اوڑھے رنگ اور بنیں لبادہ تن کا.
سرما رُت کی سرد ہوائیں جب تن پر برف ریزے برساتی اور اپنی ساری یخ بستگی لیے جسم میں ترازو ہوتی ہیں، تو زندگی کا تقاضا حرارت قرار پاتا ہے۔
ایسے میں گرم ملبوسات سے تن ڈھانپا جاتا ہے، جن میں لیدر کی جیکٹس بھی شامل ہیں۔ لیدر کی دیدہ زیب جیکٹس جسم کو سردی سے محفوظ رکھنے کے ساتھ شخصیت کو خوب صورتی بھی عطا کرتی ہیں۔ مختلف رنگوں میں دست یاب یہ جیکٹس ''میچنگ'' کا مسئلہ بھی پیدا نہیں ہونے دیتیں۔ تاہم سیاہ لیدر جیکٹ ہر رنگ کے لباس پر سجتی ہے ، اور کسی بھی رنگ کا لباس ہو سیاہ جیکٹ کی اوٹ سے جھانکتا بھلا لگتا ہے۔
لیدر جیکٹ جہاں پینٹ شرٹ کے ساتھ سجتی ہے، وہیں یہ شلوار قمیص کے ساتھ بھی روپ کو حُسن اور انفرادیت عطا کرتی ہے۔ سو ہم کہہ سکتے ہیں کہ، لیدر جیکٹ، سرد موسم میں جسم کے لیے حرارت ہی نہیں شخصیت کی سجاوٹ بھی ہے۔ اس پہناوے کی گرمائش اور رنگارنگی دیکھ کر لگتا ہے گویا دھوپ رنگ اوڑھ کر تن کا لبادہ بن گئی ہو۔