ٹریفک سگنل نے میری زندگی بدل دی ڈمپل جھنگیانی

ٹیلی نگری کی مقبول اداکارہ کی باتیں


Ashraf Memon January 28, 2013
زمانۂ طالب علمی میں اس نے شہرت اور دولت کا تصور تک نہیں کیا تھا۔تاہم قسمت کی دیوی نے اس کی زندگی یک سر تبدیل کر دی۔ فوٹو : فائل

ایکتا کپور کی دریافت ڈمپل جھنگیانی نے شہرت کا سفر راتوں رات طے کر لیا اور ٹیلی نگری میں آگے بڑھتی چلی گئی۔

فراخ دل اور صاف گو ڈمپل نے انڈسٹری میں اپنی پُراثر اداکاری کی وجہ سے مقام بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی صفات اور عادات کی وجہ سے فن کاروں کے دل میں بھی جگہ بنائی ہے۔ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد پہلی مرتبہ جب ایکتا سے ملاقات ہوئی تو وہ عام اداکارہ نہیں رہی، کیوں کہ اسے ''کچھ اس طرح'' نامی سیریل کے لیے منتخب کر لیاگیا تھا، جو ایک کام یاب ترین شو ثابت ہوا۔ یہ اس کی ٹیلی ویژن اسکرین پر پہلی دبنگ پرفارمینس کہی جاسکتی ہے۔ پچھلے دنوں ہم نے ڈمپل جھنگیانی سے اس کے فنی سفر اور نجی زندگی کے بارے میں گفت گو کی، جو پیشِ خدمت ہے۔

زمانۂ طالب علمی میں اس نے شہرت اور دولت کا تصور تک نہیں کیا تھا۔ تاہم قسمت کی دیوی نے اس کی زندگی یک سر تبدیل کر دی۔ گھر سے کالج اور وہاں سے واپسی پر تھکن کی شکایت کرنے والی وہ لڑکی آج گھنٹوں شوٹنگ میں مصروف رہتی ہے۔ کبھی کالج کے وہ چند گھنٹے اس پر گراں گزرتے تھے، لیکن اب ٹیلی نگری سے وابستگی کے بعد پورا دن اور اکثر رات کو بھی گھر سے باہر رہنا پڑتا ہے، اور تھکن کا تو کوئی حساب ہی نہیں، لیکن شکوہ کیسا؟ بھئی اس مشقت کا معاوضہ بھی خوب مل رہا ہے، جس نے اس کا لائف اسٹائل ہی تبدیل کردیا ہے۔ ''میں نے 24 فروری کو ممبئی کے ایک مڈل کلاس گھرانے میں آنکھ کھولی۔

اسی شہر کے تعلیمی اداروں سے اپنی تعلیم مکمل کی اور پھر ٹیلی ویژن پر اداکاری کو بہ طور پیشہ اپنا لیا۔'' ایکتا کپور سے ملاقات اور اداکارہ بننے کے بارے میں پوچھنے پر ڈمپل نے بتایا، ''ایک کوچنگ سینٹر نے نئے تعلیمی سال کے لیے طالب علموں کو متوجہ کرنے کی مہم شروع کی اور اپنے بینرز اور بورڈز پر ڈگری تھامے ہوئے میری تصویر لگائی۔ اس مہم میں اُس وقت کی ایک عام طالبہ دیگر اسٹوڈینٹس کو یہ یقین دلاتی نظر آتی تھی کہ ان کی امتحانات میں شان دار کام یابی کی ضمانت میرا کوچنگ سینٹر بن سکتا ہے۔ یہ ایکتا کی نظر سے گزرا اور اس نے مجھے اپنے ڈرامے کے لیے منتخب کر لیا۔'' اس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ ایک روز ایکتا اپنی کار میں سوار کہیں جا رہی تھی۔ ایک ٹریفک سگنل پر رکنے کے دوران اس کی نظر بینر پر موجود اس لڑکی پر پڑی، جس میں بلا کا اعتماد تھا۔ ایکتا نے لمحوں میں فیصلہ کیا کہ وہ اسے اسکرین پر لے آئے گی۔ ایکتا نے اپنے اسسٹنٹ کے ذریعے اس لڑکی کو ڈھونڈ نکالا۔ بالاجی کو ڈمپل سے رابطہ کرنے میں تقریباً ایک ماہ لگا اور یوں ڈمپل اداکارہ بن گئی۔

یہ سب کچھ اس کے لیے نہایت حیران کن تھا، مگر قسمت جب کسی کا ساتھ دینے پر آتی ہے تو حالات اس کے حق میں پلٹا کھا جاتے ہیں۔ ایکتا نے اسے ''کچھ اس طرح'' میں ''کنیّا'' کا رول دیتے ہوئے کہا تھا کہ ''تم میں بلا کا اعتماد ہے اور یہ مرکزی کردار تم بہ خوبی ادا کر سکتی ہو۔'' ایسا ہی ہوا، یہ شو سپرہٹ ثابت ہوا، جس میں ڈمپل نے اپنی صلاحیتوں کا اظہار احسن طریقے سے کیا اور کام یابی نے اس کے قدم چومے۔ بالاجی نے اس سیریل کے بعد بھی اداکارہ کو اپنے ساتھ رکھا اور سیریل ''کس دیس میں ہے میرا دل؟'' میں اسے ایک اور شان دار کردار سنجنا کی پیش کش کی۔

یہ شو بھی اس کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنا، اور پھر اسے ''کتنی محبت ہے'' کے لیے ایکتا نے منتخب کر لیا، لیکن اس نے انکار کر دیا۔ اس سلسلے میں اداکارہ نے بتایا، ''ایکتا میری محسن ہیں اور آج میں جو کچھ بھی ہوں انہی کی بدولت ہوں، لیکن وہ کیریکٹر مجھے پسند نہیں آیا تھا۔'' اس پر اداکارہ اور ٹیلی وڈ کی ملکہ ایکتا کے درمیان ناراضگی کی خبر بھی کافی دنوں تک اڑتی رہی، لیکن وقت کی گرد میں سب کچھ چھپ گیا۔

ڈمپل نے مختلف ٹی وی کمرشیلز میں بھی کام کیا، جب کہ پاریش راول کے پروڈکشن ہائوس 'پلے ٹائمز' نے اسے تھوڑا عرصہ اسکرین سے دور رہنے کے بعد دوبارہ جوڑ دیا۔ وہ ان کے ساتھ ''ہم دونوں ہیں الگ الگ'' نامی شو میں نظر آئی اور 'اوَنتکا' کا کردار ادا کیا۔ یہ اسٹار ون پر پیش کیا گیا رومانس اور کامیڈی سے بھرپور ڈراما تھا، جس میں اداکارہ نے اپنی پرفارمینس سے ناظرین کو بے حد متاثر کیا اور اس کے پرستاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ اس سے قبل وہ ڈانس پر مبنی ایک مقابلے ''کبھی کبھی پیار کبھی کبھی یار'' میں بھی پرفارمینس دے چکی ہے۔

وہ ٹی وی چینل لائف اوکے پر ڈراما ''امرت منتھان'' میں کام رہی تھی کہ کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق تبدیلی کے بعد اسے کہانی سے الگ ہونا پڑا۔ اب اس کی جگہ ٹیلی نگری کی ایک اور اداکارہ انکتا شرما کو دیکھا جا رہا ہے۔ یہاں سے فرصت ملنے کے بعد اس نے ٹیلی فلم ''تیری میری لَو اسٹوری'' میں کام کیا اور ایک مرتبہ پھر اسے ''امرت منتھان'' کے لیے بلا لیا گیا۔ اس کا کردار راج کماری نمرت کور کا ہے، جو مرکزی نوعیت کا کیریکٹر ہے۔

ڈمپل کی نجی زندگی میں مختلف موڑ آتے رہے۔ تاہم وہ ہر قدم پر پُر اعتماد اور حوصلہ مند ثابت ہوئی۔ یہ اداکارہ اپنی فٹنس کا خیال رکھنے میں کوئی کمی نہیں کرتی۔ باقاعدگی سے جِم جاتی ہے، یوگا اس کے نزدیک جسمانی کارکرگی بڑھانے اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کا بہترین ذریعہ ہے اور وہ پابندی سے یوگا کرتی ہے۔ کھانے میں سبزیاں اسے بالکل بھی پسند نہیں ہیں، چکن سے اسے رغبت ہے، لیکن چوں کہ روزانہ اس سے کام نہیں چلا سکتی، لہٰذا چائنیز ڈشز بھی اپنی غذا میں شامل رکھتی ہے۔

امورِخانہ داری میں اسے بے حد دل چسپی ہے۔ ڈمپل کے مطابق وہ بہترین پکوان کرتی ہے۔ گھر کی سجاوٹ اور آرائش میں بہت زیادہ دل چسپی لیتی ہے۔ اس کے دوستوں کا حلقہ وسیع ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اداکارہ کی خوش اخلاقی اور لوگوں سے جلد گھل مل جانے کی عادت ہے۔ اداکارہ کے بقول وہ شاپنگ کرنے سے گریز کرتی ہے اور یہ ذمے داری اس نے اپنی فیملی پر ڈالی ہوئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ گھر والے اس کی پسند سے خوب واقف ہیں اور وہ ان کی چوائس کی قدر کرتی ہے۔ اُسے گلابی اور آسمانی رنگ بہت پسند ہیں۔ سردی کا موسم اسے بالکل بھی اچھا نہیں لگتا، البتہ بارشیں وہ بہت انجوائے کرتی ہے۔ بہ طور اداکارہ کام یابیوں کے بعد وہ کسی ٹی وی پروگرام کی ہوسٹ بننا چاہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں