عوام کی بائیکاٹ مہم سے پھلوں کے نرخ کم ہو گئے

کراچی میں کمی آئی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے آڑھتی ڈٹ گئے، قیمتیں مزید بڑھا دیں


کراچی میں کمی آئی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے آڑھتی ڈٹ گئے، قیمتیں مزید بڑھا دیں۔ فوٹو: فائل

عوام کی جانب سے پھلوں کی 3 روزہ بائیکاٹ مہم کی وجہ سے شہر کراچی میں پھلوں کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے اثرات تھوک سطح کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں، تھوک سطح پر پھلوں کی فروخت میں 20 فیصد تک کمی کا سامنا ہے۔

لاہور میں پھلوں کی قیمتوں میں 10 سے 20 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، راولپنڈی اور اسلام آباد کے آڑھتی اور منافع خور سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کے خلاف ڈٹ گئے ہیں اور پھلوں کی فروخت میں کمی کے باوجود قیمتوں میں 20 سے 25 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے، کراچی فروٹ منڈی میں سندھڑی آم درجہ اول کی قیمت 73 روپے کی سطح پر آگئی ہے، سندھڑی درجہ دوم 45 روپے، سرولی آم درجہ اول 55 روپے، لنگڑا آم 55 روپے کلو، دسیہری 50 روپے کلو جبکہ دیسی آم45 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

مہم سے قبل 160روپے کلو فروخت ہونے والی خوبانی ہول سیل کی سطح پر 95روپے کلو، 160روپے کلو فروخت ہونے والے آڑو اب 100روپے کلو فروخت کیے جارہے ہیں، رمضان کے آغاز پر درجہ اول کیلے کی تھوک قیمت 110روپے درجن تھی جو اب کم ہوکر 90 روپے کی سطح پر آگئی ہے جبکہ درجہ دوم کیلا جو 90روپے درجن فروخت کیا جارہا تھا اب 70روپے درجن فروخت کیا جا رہا ہے، تربوز کی تھوک قیمت 30روپے سے کم ہوکر 24روپے کلو، خربوزے کی قیمت 55 سے کم ہوکر 40روپے کلو کی سطح پر آگئی ہے۔

رمضان کے ابتدائی روزوں میں تھوک سطح پر 75روپے کلو فروخت ہونے والا گرما بھی اب 50 روپے کی تھوک قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، اتوار کو فروٹ منڈی میں نیوزی لینڈ کا سیب 230روپے کلو فروخت کیا گیا، چائنا کے سیب کی قیمت 180روپے سے کم ہوکر 165روپے کلو، ایرانی سیب کی قیمت 160روپے سے کم ہوکر 140روپے فی کلو کی سطح پر آگئی ہے، کوئٹہ میں پھلوں کے بائیکاٹ کی مہم کامیاب رہی، قمیتوں میں 20 سے 30 فیصد تک کمی ہوگئی ہے جبکہ خبر ایجنسی کے مطابق مجموعی طور پر 70فیصد شہریوں نے پھلوں کی خریداری کا بائیکاٹ کیا جس کا پھلوں کی قیمتوں پر بھی اثر پڑا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں