بینک پیر سے عوام کو نئے نوٹ دینا شروع کرینگے

اجرا 23 جون تک جاری رہے گا،اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایس سروس کا آغاز کردیا


Business Desk June 11, 2017
اجرا 23 جون تک جاری رہے گا،اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایس سروس کا آغاز کردیا۔ فوٹو: فائل

بینک دولت پاکستان نے عوام کو نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے لیے اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ذریعے ایس ایم ایس سروس دوبارہ شروع کر دی ہے، نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے۔

عوام کو موبائل ایس ایم ایس سروس کے ذریعے کمرشل بینکوں کی نامزد 'ای برانچز' سے نئے نوٹوں کا اجرا پیر 12 جون 2017 سے شروع ہوگا اور 23 جون 2017 تک جاری رہے گا، ملک کے 120 شہروں میں 1000 ' ای برانچز ' کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں یہ سہولت میسر آ سکے۔

ایک ایس ایم ایس پر چارجز 1.50 روپے جمع ٹیکس ہوں گے، اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو اپنا 13 ہندسوں والا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر یا اسمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ 'ای برانچ ' کا کوڈ لکھ کر شارٹ کوڈ 8877پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا۔

نامزد 'ای برانچوں' کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ، پی بی اے کی ویب سائٹ اور کمرشل بینکوں کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، اس کے علاوہ نامزد 'ای برانچوں' کے باہر نمایاں مقام پر آویزاں کیے جائیں گے، بھیجنے والے فرد کو جواب میں ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں اس کا ریڈیمشن کوڈ، ای برانچ کا پتہ اور ریڈیمشن کوڈ کے موثر ہونے کی آخری تاریخ لکھی ہوگی، ریڈیمشن کوڈ زیادہ سے زیادہ 2 ایام کار کے لیے موثر ہو گا، صارف کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ/ اسمارٹ کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور 8877سے موصولہ ریڈیمشن کوڈ لے کر متعلقہ ای برانچ جانا ہوگا جہاں سے نئے نوٹ مل جائیں گے۔

واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹا 10روپے کے 3 پیکٹ ہیں جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100روپے کے نوٹوں کا بھی ایک ایک پیکٹ مل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایک شناختی کارڈ/اسمارٹ کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر صرف ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے، کسی مختلف موبائل فون نمبر سے وہی سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر، یا اسی موبائل فون نمبر سے کوئی اور سی این آئی سی/ اسمارٹ کارڈ نمبر بھیجا گیا تو کوئی ٹرانزیکشن کوڈ جاری نہیں کیا جائے گا، عوام کو معلومات /شکایات کی صورت میں مدد دینے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی نے ایک ہیلپ ڈیسک یو اے این 111-008-877 (021) پر قائم کی ہے جو صرف دفتری اوقات کے دوران دستیاب ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں