ہنگو امریکی ڈرون حملہ حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر3 ساتھیوں سمیت ہلاک

امریکی جاسوس طیارے نے کمانڈر ابوبکر کو تحصیل ٹل کے علاقے اسپین ٹل میں نشانہ بنایا


 ابوبکر افغان صوبہ خوست کا رہائشی، اصل نام عمر تھا، پاک فوج کی جانب سے آپریشن شروع ہواتو شمالی وزیرستان سے دیول منتقل ہوگیا تھا فوٹو : فائل

خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا مبینہ کمانڈر ابوبکر ہلاک ہو گیا۔

ایک نیوز چینل نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر ابوبکر اور ان کے ساتھی کوپیر کو رات گئے ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے اسپین ٹل میں نشانہ بنایا گیا۔ ان کے گھر پر 2میزائل داغے گئے، ڈرون حملے میں مبینہ دہشت گرد کا گھرمکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

اسپین ٹل کے مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ ڈرون طیارے نے مبینہ دہشت گرد کے گھر کو تباہ کرنے سے پہلے تھوڑی دیر کیلیے کافی نیچی پرواز کی۔ ادھر ریڈیو فری یورپ اورافغان خبررساں ادارے ''خاما پریس ''کی رپورٹ کے مطابق ایک سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا ہے کہ پیر کو رات گئے ضلع ہنگو کے علاقے اسپین ٹل میں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر مارا گیا۔ دیول گاؤں کے ایک رہائشی بہران خان نے بتایا ہے کہ ڈرون حملے میں 3 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ، مارا جانے والا ابوبکر افغان صوبہ خوست کا رہنے والا تھا اور اسکا اصل نام عمر تھا۔ 2014میں پاک فوج کی جانب سے آپریشن شروع کیے جانے کے بعد وہ شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع سے دیول منتقل ہوگیا تھا۔

ڈرون حملہ 31 مئی کو کابل میں ٹرک حملے جس میں 150 سے زائد افراد مارے گئے تھے کے بعد کیا گیا۔افغان حکام نے حملے کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد کیا تھا تاہم سراج الدین حقانی نے چند روز قبل ایک آڈیو پیغام کے ذریعے ان حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ ہنگو پولیس کے مطابق اسپین ٹل میرانشاہ روڈ پر ٹل شہر سے دور واقع بندوبستی علاقہ میں یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ یاد رہے کہ 21 نومبر 2013ء کو ٹل کے علاقہ ٹنڈاروں میں پہلا حملہ کیا گیا تھا جس میں مدرسہ مفتاع السلام کو نشانہ بنایا گیا تھا اور حقانی نیٹ ورک کے 8 افراد اس حملے جاں بحق ہو گئے تھے جو مدرسے میں بطور مہمان موجود تھے۔ اس حملے کیخلاف پی ٹی آئی نے امریکی حکام کیخلاف ٹل پولیس اسٹشین میں ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں