وزیر اعظم نواز شریف کا فلم کو صنعت کا درجہ دینے کا اعلان

پیکیج کےتحت ’’نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن‘‘،’’ نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اوراکیڈمی‘‘ کاقیام عمل میں لایاجائےگا،وزیراعظم


Express Desk June 15, 2017
پیکیج کےتحت ’’نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن‘‘،’’ نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اوراکیڈمی‘‘ کاقیام عمل میں لایاجائےگا،وزیراعظم۔فوٹو: فائل

GILGIT: وزیر اعظم نواز شریف نے فلم کو صنعت کا درجہ دیتے ہوئے ''نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن''،'' نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اور اکیڈمی'' کا قیام عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ فن اور فنکار پاکستانی معاشرے اور اس سے جڑی درخشاں روایات کے وہ امین ہیں جنہوں نے عالمی افق پر اس پاک سر زمین کے تشخص ، ثقافت ، ورثے اور ادب کو زندہ اور باضمیر قوموں کی صف میں لا کھڑا کیا، اس فلمی صنعت کی بحالی کو یقینی بنانا ہمارے اولین فرائض میں شامل تھا اور میں انتہائی مسرت کے ساتھ اس صنعت سے وابستہ فنکاروں اور ہنر مندوں کے لیے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور خصوصی پیکیج کا اعلان کررہاہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقینا ہمارے باقی وعدوں کی طرح ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔ ادب اور فن کے دائرہ کار میں وہ تمام لوگ شامل ہیں جنہیں ہم ادیب، لکھاری، شاعر اور اہل قلم جیسے محترم الفا ظ سے جانتے ہیں اور ان تمام قابل رشک اور معتبر شخصیات سمیت فنون لطیفہ کے فروغ کے لیے بھی ایک انتہائی ٹھوس اور جامع پیکیج تیار کیاجائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے''نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن''،'' نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اور اکیڈمی'' کا قیام عمل میں لایاجائے گا جو بلا شبہ جدید اسٹوڈیو اور دور حاضر اور مستقبل میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے کسی بھی جدت سے ہم آہنگ آلات سے مزئین ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کے مالی معاملات میں بہتری اور فلاح وبہود کے لیے'' پرائم منسٹر آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ'' کے قیام سمیت فنون لطیفہ فلم اور براڈ کاسٹنگ انڈسٹری کی معاونت کے لیے ''پرائم منسٹر فلم فائنانس فنڈ'' کے قیام کا بھی اعلان کرتا ہوں تاکہ ان خوبصورت اور باصلاحیت افراد کی عزت نفس کی ہر ممکن حفاظت کی جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں