افغانستان کیلیے عالمی بینک کی 520 ملین ڈالر امداد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کابل پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیترس افغان صدرسمیت سول سوسائٹی تنظیموں سے ملاقاتیں کریں گے


Net News/News Agencies June 15, 2017
صدر ٹرمپ نے پینٹاگان کو امریکی دستوں کی نئے سرے سے تعیناتی کی اجازت دے دی۔ فوٹو: فائل

لاہور: عالمی بینک نے افغانستان کیلیے520 ملین ڈالرکے ایک منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

بینک کے مطابق اس رقم کا نصف حصہ بد امنی کی وجہ سے بے گھر شہریوں کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ دوسرا حصہ غربت کے خاتمے کیلیے جاری معاشی اصلاحات پر خرچ کیا جائے گا۔ بینک نے بتایا کہ بین الاقوامی دستوں کے انخلا کے بعد سے ملک میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور اس وجہ سے افغانستان میں اقتصادی ترقی بہت سست روی کا شکار ہے۔ اس سے قبل یہ عالمی مالیاتی ادارہ جنوری میں افغانستان میں اقتصادی سرگرمیوں کی صورت حال کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرچکا ہے۔

دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگان کو افغانستان میں تعینات ملکی فوجیوں کی تعداد کا نئے سرے سے تعین کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اس فیصلے کے بعد امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس افغانستان میں امریکی فوجیوں کی آئندہ تعداد کا تعین خود کر سکیں گے۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس عراق اور شام کیلیے بھی ملکی وزیر دفاع کو اس طرح کے اختیارات دے چکا ہے۔ آج کل افغانستان میں 8500امریکی فوجی تعینات ہیں جبکہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے 5 ہزار اضافی فوجی افغان دستوں کومشاورت اور تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیترس غیراعلانیہ دورہ افغانستان پر کابل پہنچے۔ بدھ کو اقوام متحدہ کے اسسٹنس مشن برائے افغانستان کے مطابق سیکریٹری جنرل کا دورہ افغانستان کی عوام سے یکجہتی، ترقی واستحکام اور امن کے اظہار کے لیے ہے۔ یاد رہے کہ انتونیو گیترس کا اقوام متحدہ کی سربراہی سنبھالنے کے بعد افغانستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کابل میں اپنے قیام کے دوران افغان صدر اشرف غنی اور سی ای او عبداللہ عبدللہ سے الگ الگ ملاقات کے علاوہ افغانستان میں مصروف عمل سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

دریں اثنا طالبان کے ملا ہیبت اللہ گروپ نے ملا رسول گروپ پر خودکش حملے کی ذمے داری قبول کرلی، حملے میں 50 جنگجوؤں کے ہلاک اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ طالبان ترجمان کے مطابق حملے میں ملیشیا فورس کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، مرنے والوں میں گروپ کا کمانڈر بھی شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں