سیکڑوں مساجد میں ہزاروں مسلمان آج اعتکاف میں بیٹھیں گے

مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات


Nasiruddin June 16, 2017
مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات۔ فوٹو؛ فائل

شہر کی سیکڑوں مساجد میں ہزاروں مسلمان آج (20 ویں رمضان) اعتکاف میں بیٹھیں گے۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کیلیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے ہیں اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اعتکاف میں بیٹھنے والوں کیلیے مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔

اعتکاف میں شرکت کیلیے لوگ 20 ویں رمضان کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوں گے اور عیدالفطر کا چاند نظرآتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا، شہر کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں، کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔

اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنز الایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ، مدنی مسجد عزیز آباد، جامع مسجد بنوری ٹاؤن اور دیگر مساجد میں ہونگے، اجتماعات میں آئمہ و خطبا قرآن کی تفاسیربیان کریں گے،ملک کی سلامتی و استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان ساری ساری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے، شہر بھر میں اکیسویں شب رمضان سے محافل شبینہ منعقد ہوں گی جن سے علما خطاب کریں گے، جماعت اہلسنت کراچی کے تحت شہر بھر کی مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف کریں گے، شب بیداری کے اجتماعات میں سحری کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں شروع ہوچکا ہے اور تقریبا پانچ ہزار مسلمان 30 روزہ اعتکاف میں بیٹھ چکے ہیں، 20 رمضان سے مزید 2ہزار افراد اعتکاف میں بیٹھ جائیں گے، اس طرح سے فیضان مدینہ میں 7ہزار افراد کا اعتکاف ہوگا۔

علاوہ ازیں علمانے کہا ہے کہ اعتکاف افضل ترین اعمال میں سے ایک ہے، رمضان کے آخری 10 دن کا اعتکاف روحانی تربیت و اصلاح کا بہترین ذریعہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔