عید پیر کو ہونے کا قوی امکان پوپلزئی نے ہفتے کو اجلاس بلالیا

2عیدوں کی روایت برقرار رہنے کا امکان، پختونخوا میں رمضان کا آغاز ہفتہ 27مئی سے ہوا تھا


شوال کے چاند کی پیدائش 24 جون کو صبح7:31 پر ہوجائے گی، محکمہ موسمیات کا خط۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں پیر 26 جون کو عیدالفطر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

خیبر پختونخوا کی مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک دن قبل ہفتے کو چاند دیکھنے کیلیے زونل کمیٹیوں کے اجلاس بلالیے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کو لکھے گئے خط میں محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سائنسی اعتبار سے ماہ شوال کا چاند اتوار 25 جون کی شام دکھائی دے سکے گا، ملک کے زیادہ تر حصوں میں25 جون کو موسم صاف یاجزوی ابرآلود رہے گا جبکہ ماہ شوال کا چاند 25 جون کو نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔

خط کے مطابق شوال کے چاند کی عمر25 جون کو غروب آفتاب کے وقت 36 گھنٹوں سے زائدہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سائنس کے ڈیٹا کے مطابق عید الفطر26 جون کو ہوگی اور25 جون کو ملک کے مختلف حصوں میں چاند دکھائی دے سکے گا، محکمہ موسمیات کا خط وزارت مذہبی امور کو موصول ہوگیاہے، وزارت مذہبی امور نے محکمہ موسمیات کا خط رویت ہلال کمیٹی کو بھجوادیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں2عیدوںکی روایت برقرار رہنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، خیبر پختونخوا کی مسجد قاسم علی خان سمیت زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک روز پہلے طلب کرلیے گئے ہیں اور چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہونے کی صورت میں 25جون کو خیبرپختونخوا کے اکثریتی اضلاع میں عید الفطر منائی جائے گی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے اکثریتی اضلاع میں رمضان کا آغاز ہفتہ 27مئی سے ہوا تھا اور اسی مناسبت سے 29 رمضان24جون کو آتا ہے اگر24جون کو مسجد قاسم علی خان سمیت اگر کسی بھی زونل رویت ہلال کمیٹی میں عیدالفطر کے چاند کی شہادت24جون کو موصول ہوگئی تو25جون کو عید الفطر منائی جائے گی جبکہ مسجد قاسم علی خان کی جانب سے 24 جون کے اجلاس میں حکومتی نمائندہ بھیجنے کا مطالبہ کیا گیاہے تاہم اس مطالبے پر وزارت کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں