ملک میں نگراں حکومتوں کا قیام 15مارچ سے پہلے متوقع

مشاورت 5مارچ تک مکمل ہوگی،اتحادیوں سے نگراں وزیراعظم کیلیے دودونام مانگ لیے گئے


عامر خان February 03, 2013
مشاورت 5مارچ تک مکمل ہوگی،اتحادیوں سے نگراں وزیراعظم کیلیے دودونام مانگ لیے گئے

ملک میں نگراں حکومتوں کا قیام ملک میں 15مارچ سے پہلے تک ہوجائے گا۔

پیپلز پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ملک میں نگراں حکومتوں کے قیام کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت 5مارچ تک مکمل کرلی جائے گی۔پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں سے نگراں وزیراعظم کے لیے دو دو نام مانگ لیے ہیں۔حکمراں اتحادی جماعتوںکا نگراں وزیراعظم کے ناموں پرغور کے لیے اہم اجلاس آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت صدر زرداری کریں گے۔

صدر نے پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ نگراں وزیراعظم کے لیے نام تجویزکریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرمملکت کی غیرملکی دورے سے وطن واپسی کے بعد منعقدہ اجلاس میں نگراں وزیراعظم کے ناموں پرغورکیا جائے گا اس اجلاس میں پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتیں اپنے تجویز کردہ نام پیش کریں گی ۔ذرائع نے بتایا کہ ان ناموں میں سے چارناموں کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد وزیر اعظم راجا پرویزاشرف اپوزیشن جماعتوں سے نگراں وزیراعظم کے لیے مشاورت کریں گے۔

8

ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی نے ن لیگ سے اپنے رابطوں کا آغاز شروع کردیاہے اور ن لیگ کے رہنما ئوں سینیٹراسحاق ڈار اور سردار مہتاب عباسی سے رابطے ہوئے ہیں ۔تاہم ن لیگ کی قیادت نے پیپلزپارٹی کی مذاکراتی ٹیم پر واضح کردیا ہے کہ پیپلزپارٹی سے باقاعدہ مذاکرات نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد شروع ہوں گے جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔

ملک میں نگراں سیٹ اپ کی تشکیل اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے (ن) لیگ کا اہم اجلاس 4فروری کولاہور میں ہوگا ۔جس میں پیپلزپارٹی سے مذاکرات کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا جبکہ پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ سے مذاکرات کے بعد ان کی قیادت نگراں وزیراعظم کے لیے جو نام تجویز کرے گی، اس پر اتحادی جماعتوں اور دیگر سیاسی قوتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں