نوازشریف اپنا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں آصف زرداری

سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری اور نواز شریف نے مل کر پی پی حکومت کیخلاف سازش کی، سابق صدر


نواب شاہ میں صحافیوں کو کوریج سے روک دیا گیا، بلاول نے پی پی رہنمائوں کے مزاروں پر حاضری دی، وزیراعلیٰ مراد علی ودیگر ہمراہ تھے۔ فوٹو؛ فائل

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری نے مل کر پی پی حکومت کے خلاف سازش کی، نواز شریف بدنیت شخص ہیں، جو اپنا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں۔

عیدالفطر کے روز زداری ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چھوٹے صوبوں کو 18ویں ترمیم کے ذریعے حقوق دیے، ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ہماری نیت صاف ہے۔ 2018 کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی کارکن مایوس نہ ہوں مستقبل پیپلزپارٹی کا ہے، جن کارکنوں کو نظرانداز کیا گیا ہے ان کو آگے لایا جائے گا۔ ان کی شکایت دور کی جائیں گی۔

آصف زرداری نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالامال دھرتی ہے۔ ہم نے سندھ اور سندھ کے عوام کو خوشحال بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ قبل ازیں آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ آصف زرداری کی آمدپر نواب شاہ کے صحافیوں کو کوریج سے روک دیا گیا۔

آصف زرداری عید الفطر کی شب خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے نواب شاہ ایئرپورٹ پہنچے، جہاں صوبائی وزیر قانون و جیل خانہ جات ضیا الحسن لنجار، ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق، ایم پی اے غلام قادر چانڈیو، پی پی کے ضلعی صدر علی اکبر جمالی و دیگر نے ان کا استقبال کیا اورگاڑیوں کے قافلے میں زرداری ہاؤس نواب شاہ لایا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور زرداری ہاؤس آنے و جانے والے راستوں کو بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعنیات کی گئی تھی۔ ۔

واضح رہے کہ زرداری کے 3 روزہ قیام کے دوران تمام پروگراموں میں مقامی صحافیوں کو مکمل نظرانداز کیا گیا اور انھیں ہر قسم کی میڈیا کوریج سے روک دیا گیا۔ اسلام آبادسینمائندہ ایکسپریس کے مطابق آصف زرداری نے عیدالفطر نواب شاہ میں منائی جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عیدکی نمازگڑھی خدا بخش بھٹو میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزرا نثار احمدکھوڑو، سہیل انورسیال اور نذیر ڈھوکی سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ان کے ہمراہ تھے۔

بلاول نے نمازعید کے بعد ملکی ترقی، دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد اور احمد پور شرقیہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا مانگی۔ نماز عیدکی ادائیگی کے بعد بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کارکنان سے بھی عید ملے، بلاول بھٹو ودیگرنے بے نظیربھٹو،ذوالفقار علی بھٹوو دیگر پارٹی ورکروںکے مزارات پر حاضری دی۔ انھوں نے مزاروں پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ آصف علی زرداری سے بھی ارکان اسمبلی اور پارٹی کارکنوں نے ملاقات کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں