بھارت میں مردہ گائے پرفساد مسلمان کے مکان کو آگ لگا دی گئی

گریڈیہ ضلع کے بیریا گاؤں میں واقعہ،بلوائیوں کے حملے میںعثمان انصاری زخمی،اس کے گھر کو بھی جلا دیا، پولیس نے جان بچائی


Net News June 29, 2017
بلوائیوں کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کرنا پڑی،11گرفتار، مکان کو جب آگ لگی تو والدہ سمیت تمام افراد اندر تھے، بیٹا سلیم فوٹو: فائل

بھارت کی ریاست جھاڑ کھنڈ میں مردہ گائے ملنے پر فساد کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہندوں انتہا پسندوں کے ہجوم کو منتشر کرنے کیلیے پولیس نے فائرنگ بھی کی۔

یہ واقعہ گریڈیہ ضلع کے ہساگرست گاؤں میں پیش آیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پر قابو پانے کیلیے سی آر پی ایف کے جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ جھاڑکھنڈ پولیس کے ترجمان آر کے ملک نے بتایا کہ اس واقعے میں زخمی عثمان انصاری کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس فائرنگ میں زخمی ہونے والا شخص کرشنا بھی اسپتال میں داخل ہے۔

پولیس نے اس معاملے میں 11 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ترجمان آر کے ملک نے بتایا کہ بیریا گاؤں کا رہائشی عثمان انصاری ڈیری چلانے کا کام کرتے ہیں۔ ان کی ایک گائے کی بیماری سے موت ہو گئی تھی۔ عثمان نے مردہ جانوروں کو تلف کرنے والے ایک شخص سے بات کی۔ پیسے کے حوالے سے دونوں میں گرما گرمی ہو گئی تو عثمان نے خود ہی گائے کو تلف کر دیا۔ اسی دوران کسی نے گائے کا سر اور پاؤں کاٹ دیا۔ منگل کو ہفتہ وار مارکیٹ جاتے لوگوں نے سر کٹی گائے کی لاش دیکھی تو افواہ پھیلی کہ عثمان انصاری نے ہی گائے کو مارا ہے۔

اس کے بعد ہجوم نے عثمان کے گھر پر حملہ کر دیا، اطلاع ملتے ہی پولیس گاؤں پہنچی اور فسادیوں کو قابو میں کرنے کیلیے لاٹھی چارج کیا اور فائرنگ کی، لاٹھی چارج اور فائرنگ کے نتیجے میں عثمان انصاری کے گھر کے لوگوں کو بچایا جا سکا، اس میں ایک شخص پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، اس دوران ہجوم نے عثمان انصاری کو بری طرح پیٹا۔ عثمان انصاری کے بیٹے سلیم نے بتایا کہ جب ہجوم نے ان کے مکان کو آگ لگائی تو اس وقت ان کی والدہ، بیوی سمیت خاندان کے تمام اراکین گھر کے اندر ہی تھے۔ سلیم نے بتایا کہ اگر پولیس نہ آتی تو ان کے والد کو لوگ وہیں پر مار دیتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔