اہم منصوبوں غیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور بیشتر اہلکار غیر حاضر

توانائی منصوبوں پرتعینات ایس پی یوکی ساڑھے 6 ہزار نفری میں 260، غیر حاضر، 650 چھٹی پر


Saleh Mughal July 01, 2017
قانون نافذ کرنیوالے ادارے سیکیورٹی کیلیے اہم منصوبوں، سرکاری تنصیبات اور جیلوں پر فرضی مشقیں کرائیں، چیف سیکریٹری۔ فوٹو : فائل

KHANEWAL: محکمہ داخلہ پنجاب نے داعش کی جانب سے پنجاب میں اہم منصوبوں، ان پر کام کرنیوالے غیرملکی ماہرین اور جیلوں پر حملوں کیلیے 15 دہشت گردوں کو استعمال کرنے کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ اہم منصوبوں اور غیرملکی ماہرین کی حفاظت کیلیے قائم اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعدد اہلکاروں کے غیرحاضر ہونے یا چھٹی پر چلے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کی پولیس کے حکام، ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ داعش سے منسلک عناصر اہم سرکاری دفاتر، تنصیبات، توانائی کے منصوبوں، خفیہ اداروں کے سیف ہاؤسز، شاپنگ ایریاز اور جیلوں پر خودکش حملوں کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کے پیش نظر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی کی صورتحال پر منعقدہ اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں غیرملکیوں کی حفاظت کیلیے قائم اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے ایک سینئر افسر نے واک تھرو گیٹس، کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں اور چند منصوبوں کے قریب اضافی میٹریل کی موجودگی کے حوالے سے پریشانی کا اظہار کیا ہے جبکہ ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ نے محکمہ داخلہ کے حکام کو بتایا ہے کہ توانائی کے منصوبوں پر تعینات ایس پی یو کی ساڑھے 6 ہزار نفری تعینات ہے جس میں 260 اہلکار غیرحاضر اور 650 چھٹیوں پر ہیں جبکہ حویلی بہادر شاہ جھنگ پروجیکٹ اور وہاں کام کرنے والے ایک ہزار غیرملکیوں کی حفاظت کیلیے ایس پی یو کے 293 اہلکار ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کی دو ٹیموں کے ہمراہ تعینات ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کہ مذکورہ منصوبے کی حفاظت کیلیے تعینات اہلکاروں میں 10 غیرحاضر اور 27 چھٹی پر ہیں جبکہ باقی منصوبوں پر سکیورٹی کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے تاہم محکمہ داخلہ پنجاب کو بتایا گیا کہ نئی بھرتی کی گئی لیبر کی تصدیق اسپیشل برانچ اور مقامی پولیس سے نہیں کرائی گئی۔

واضح رہے کہ ان منصوبوں اور وہاں پر کام کرنیوالے غیرملکیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے ریجنل و ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ذاتی طور پر ان منصوبوں کا دورہ کرکے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے کہا ہے کہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلیے تمام اہم منصوبوں، سرکاری تنصیبات اور جیلوں پر فرضی مشقیں کرائی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں