سی پیک کے 4 اقتصادی زونز کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل

پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے اقتصادی زونزشامل


حسیب حنیف July 02, 2017
حلال فوڈ،بائیک اسمبلنگ ودیگرصنعتیں اورکولڈاسٹوریج سہولت قائم ہوگی،سندھ، کشمیر، وفاق،فاٹا کے زونزکی اسٹڈی مکمل نہیں ہوسکی،ذرائع فوٹو: رائٹرز

چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ملک بھر میں قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زون میں فوڈ، فروٹ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اسٹیچنگ،کوکنگ آئل، حلال فوڈ انڈسٹری، موٹر بائیک اسمبلنگ، ایگری کلچر مشینری، آئس اینڈ کولڈ اسٹوریج، کرومائٹ اور سرامکس انڈسٹری، الیکٹرک مصنوعات، ماربل اینڈ گرینائٹ، لیدر،اسٹیل انڈسٹری اور منرل پروسیسنگ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے سی پیک کے تحت بعض اقتصادی زونز کے قیام کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر کے وزارت منصوبہ بندی کو ارسال کر دی گئی ہے جبکہ سندھ، آزاد جموں و کشمیر، وفاق اور فاٹا کے اقتصادی زونز پر فزیبلٹی اسٹڈی تاحال مکمل نہیں کی جا سکی۔ ذرائع کے مطابق چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے اقتصادی زون کے قیام کے لیے سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر کے وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کو ارسال کر دی گئی ہے ۔

جس کے مطابق پنجاب کے علاقے شیخوپورہ ڈسٹرکٹ ایم 2پر 5 ہزار ایکڑ پر پنجاب چائنا اکنامک زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں مکس انڈسٹری ہو گی، یہ اکنامک زون ایئر پورٹ سے 55 کلومیٹر، ریلو ے اسٹیشن سے 6 کلو میٹر اور ڈرائی پورٹ سے 45کلومیٹر کے فاصلے پرقائم کیا جا رہا ہے، بلو چستان میں 1 ہزار ایکڑ پر بوستان انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا جوکوئٹہ ڈرائی پورٹ سے 32 کلو میٹر اور ایئر پورٹ سے 23کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اس انڈسٹریل زون میں فروٹ پروسیسنگ، ایگری کلچر مشینری، فارماسوٹیکل، موٹر بائیک اسمبلنگ، کرومائٹ اور سرامک انڈسٹری، کوکنگ آئل، آئس اینڈ کولڈ اسٹوریج، الیکٹرک مصنوعات اور حلال فوڈ انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

اسی طرح خیبر پختونخوامیں1ہزار ایکڑ پر رشکئی اکنامک زون قائم کیا جائے گا جس میں فروٹ، فوڈ، پیکجنگ، ٹیکسٹائل اسٹیچنگ کی انڈسٹری قائم کی جائے گی، یہ اکنامک زون ایئرپورٹ سے 50کلومیٹر اور ڈرائی پورٹ سے 65کلومیٹر فاصلے پر ہے، اسی طرح گلگت بلتستان میں250ایکڑ پر اسپیشل اکنامک زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں ماربل اینڈ گرینائٹ، آئرن پروسیسنگ، فروٹ پروسیسنگ، اسٹیل انڈسٹری، منرل پروسیسنگ یونٹ اور لیدر انڈسٹری قائم کی جائے گی۔

اس کے علا وہ وفاق کے 2 انڈسٹریل زونز میں سے 1 پاکستان اسٹیل ملز کراچی کی زمین پر 1500ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل زون کی فزیبلٹی اسٹڈی جاری جبکہ دوسرا انڈسٹریل زون وفاقی دارالحکومت میں قائم کیا جائے گا جس کے لیے زمین کی تلاش جاری ہے، اسی طرح بھمبر انڈسٹریل زون آزاد جموں اینڈ کشمیر اور مہمند ماربل سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی بھی تاحال وزارت منصوبہ بندی کو نہیں بھیجی جا سکی جبکہ سندھ میں چائنا اسپیشل اکنامک زون دھابیجی 1ہزار ایکڑ پر قائم کیا جائے گا، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی فزیبلٹی اسٹڈی بھی تاحال تیار کر کے وزارت منصوبہ بندی کو ارسال نہیں کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں