ٹیکس تنازع   آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دے دی

عوام کو مشکلات سے بچانے اور کسی بھی بحران کو روکنے کے لیے حکومت کو ان سے مذاکرات کرنے پڑتے ہیں


علیم ملک July 04, 2017
ٹیکس تنازع ؛  آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دیدی ۔فوٹو : پی پی آئی

لاہور: آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے سروسز سیلز ٹیکس کی وصولی جاری رکھنے پر ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے جس سے ملک میں پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسلم نیازی نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سروسز سیلز ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے وزارت پٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں سروسز سیلز ٹیکس کی وصولی کو 30 جون تک ملتوی کرنے پر اتفاق ہوا تھا اور وزارت پٹرولیم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اس معاملے کو حل کرلیا جائے گا تاہم ابھی تک عملی طور پرکچھ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھاکہ معاملے کے حل کے لیے ڈی جی آئل کی زیر صدارت بننے والی کمیٹی اپنا ایک اجلاس بھی نہیں بلا سکی اور 30جون کے بعد دوبارہ سروسز سیلز ٹیکس کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔ اسلم نیاز ی کا کہناتھا کہ صوبوں کی جانب سے مختلف شرح سے ٹیکس کی وصولی جاری ہے اور اس کا کوئی باقاعدہ نظام نہیں مرتب کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے بل روکے جار ہے ہیں اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر ٹیکس ادا نہ کیا تو بلوں میں سے کٹوتی کر لی جائے گی، یہ زیادتی ہے کہ ہم سے دہرے ٹیکس کی وصولی کی جا رہی ہے، آئل ٹینکرز ایڈوانس ٹیکس دیتے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے ہمارا ہی گلا گھونٹا جا رہاہے۔ چیئرمین آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے خبر دار کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا توان کے پاس ہڑتال کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہو گا۔

اس حوالے سے جب ڈی جی آئل عبد الجبار میمن سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہناتھا کہ یہ ہمارامعاملہ نہیں ہے، ہمیں اس معاملے میں زبردستی ٹھونسا جا رہا ہے، آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نہ ٹیکس دیتے ہیں نہ ٹیکس دینا چاہتے ہیں، صرف وزارت پٹرولیم کو خراب کر رہے ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ 3سال میں آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک روپے کا بھی ٹیکس نہیں دیا اور ہڑتال کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے ٹیکس لگا سکتے ہیں مگر کنٹریکٹرز ٹیکس دینے پر تیار نہیں ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ عوام کو مشکلات سے بچانے اور کسی بھی بحران کو روکنے کے لیے حکومت کو ان سے مذاکرات کرنے پڑتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔