اسرائیل سے معاہدے بھارت 40 کروڑ ڈالر کے ڈرون خریدے گا

ٹیکنالوجی، پانی، زراعت شعبوں سمیت متعدد معاہدے، ’’یہ تعاون اس شادی کی طرح ہے جو آسمانوں پر طے پائی ہو‘‘


انسداد دہشتگردی اور سائبر سیکیورٹی بڑھانے پر اتفاق، مودی کی احمدی کمیونٹی کے سربراہ سے بھی ملاقات، بھارت میں قادیانیوں کی حمایت کرتے رہیںگے، وزیر اعظم مودی فوٹو: فائل

اسرائیل بھارت کو10 مسلح ڈرونز حوالے کرنے کو تیار ہے، بھارت اور اسرائیل کے درمیان 2 سال قبل معاہدہ ہوا تھا، 400 ملین ڈالر(40 کروڑ) مالیت کے مسلح ہیرون ڈرونز حتمی ادائیگی کے بعد نئی دہلی کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

اسی طرح بھارت اور اسرائیل نے ٹیکنالوجی، پانی اور زراعت کے شعبوں میں متعدد معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں، یہ پیش رفت بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے دوسرے روز دیکھنے میں آئی، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے گزشتہ روزمعاہدوں پر دستخط ہونے کے بعد کہا کہ یہ تعاون اس شادی کی طرح ہے، جو آسمانوں پر طے پائی ہو، دونوں وزرائے اعظم کے مطابق اس دوران انسداد دہشتگردی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

مودی نے اس دورے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیکنیکل اداروں اور اسرائیل میں مقیم بھارتی یہودیوں سے بھی ملاقات کی، مودی کا یہ دورہ کسی بھارتی وزیر اعظم کا اسرائیل کا پہلا دورہ ہے، اسرائیلی اخبارکے مطابق مودی کے دورہ اسرائیل کے دوران 10جدید مسلح ڈرونز ہیرون ٹی پی بھارت کے حوالے کیے جاسکتے ہیں، بھارتی حکومت نے فضائیہ کی درخواست پر ان 10 ڈرونز کے خریدنے کی منظوری دی تھی، ستمبر2015 میں اس کا معاہدہ کیا گیا تاہم اس سودے کو خفیہ رکھا گیا، 2004 میں اسرائیل کے ایرواسپیس انڈسٹریز میں تیارکیا جانے والا ہیرون ڈرون کا وزن 53 سوکلوگرام ہے جبکہ یہ ایک ہزار کلوگرام کا وزن اٹھا سکتا ہے اور 40 گھنٹے فضا میں رہ سکتا ہے، خصوصی ایکسپورٹ ورژن 2010 سے اسرائیلی ایئر فورس کا حصہ ہے، بھارتی فضائیہ پہلے ہی 180 اسرائیلی ساختہ ڈرونز استعمال کر رہی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق 500 ملین ڈالر کا 8 ہزار اسپائیک ٹینک شکن میزائل کی فروخت کا معاہدہ بھی متوقع ہے، یہ معاہدہ 2 سال سے تاخیر کا شکار ہے، دریں اثنا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اسرائیل میں احمدی کمیونٹی کے سربراہ محمد جلیل سے ملاقات کرکے قادیانیوں کی اسلام دشمنی عیاں کر دی اور کہا کہ ہم بھارت میں قادیانیوں کو سپورٹ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، بھارتی وزیراعظم مودی کی اسرائیل آمد کے موقع پر جہاں اس کو اسرائیل کی دیگر اہم شخصیات سے ملوایا گیا وہیں خاص طور پر اسرائیل میں قادیانیوں کے سربراہ سے بھی ملوایا گیا جس نے بڑی گرم جوشی سے نریندر مودی سے ہاتھ ملایا اور اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہت بڑی کمیونٹی بھارت میں رہتی ہے جسے آپ سپورٹ کرتے ہیں جس پر مودی نے قہقہ لگاتے ہوئے کہاکہ ہم بھارت میں قادیانیوں کوسپورٹ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں