7 رکنی ایڈ ہاک کمیٹی کاافتتاحی اجلاس آج ہوگا

پی او اے کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان متوقع، نیشنل گیمز کے معاملات پر بھی غور۔


پی او اے کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان متوقع، نیشنل گیمز کے معاملات پر بھی غور۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تحت قائم کی جانے والی7رکنی ایڈ ہاک کمیٹی کاافتتاحی اجلاس بدھ کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہو رہا ہے۔

کمیٹی کے سربراہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدرآصف باجوہ کی زیرصدارت میٹنگ میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی متوقع ہے،ایجنڈے کے مطابق لاہور میں ہونے والے نیشنل گیمز کو پی ایس بی کی جانب سے کالعدم قرار دیے جانے کے بعد نئے گیمز منعقد کرانے کے لیے بھی مقام اور تاریخ کے تعین پر غور اور فیصلے کا امکان ہے،اجلاس میں چاروں صوبوں کی اولمپک ایسوسی ایشنز کے انتخابات کرا کر نئے عہدیداروں کے چنائو کو ممکن بنانے کی حکمت عملی پر بھی غورکیا جائے گا۔



ایڈہاک کمیٹی اپنے پہلے اجلاس میں پی او اے کی مختلف فیڈریشنز میں عہدیداروں کے باہمی تنازعات کو ختم کرانے اور نئے انتخابات کے بھی فیصلے کریگی،ارکان میںخیبر پختونخوا سے سینیٹر حاجی غلام علی،پنجاب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جوائنٹ سیکریٹری رانا مجاہد علی خان،سندھ سے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل مدثر آرائیں، بلوچستان سے صوبائی وزیر کھیل میر شاہ نواز خان، اسلام آباد سے آئی جی موٹر ویز ظفر اقبال لک اور پاکستان آرمی اسپورٹس بورڈ کے سیکریٹری کرنل قیصر مصطفٰی شامل ہیں۔

دریں اثناء ذرائع کے مطابق پی ایس بی نے ایڈہاک کمیٹی کی درخواست پر دفتر کیلیے جگہ بھی فراہم کر دی جہاں سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا،قیام کا نوٹیفیکشن جاری ہونے کے باوجود پی ایس بی بعض قانونی پیچید گیوں کے باعث ہنوز ہچکچاہٹ کا شکار ہے، حکام آئی او سی کی جانب سے سوئٹزر لینڈ میں 16 فروری کوطلب کیے جانے والے اجلاس میں اپنے موقف کو ثابت کرنے کیلیے قانونی جوازو نکات تلاش کر رہے ہیں، دوسری جانب ایڈہاک کمیٹی کے قریبی حلقوں کا دعویٰ ہے کہ پی او اے کے صدر جنرل(ر) سید عارف حسن کے ساتھ صرف فٹبال، والی بال اور بیس بال کی3 فیڈریشنز ہی رہ گئی ہیں،5 فیڈریشنز نے الیکشنز کرا لیے،ان میں سوئمنگ، ہینڈ بال، روئنگ، تائیکوانڈو اور ووشو شامل ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں