بارشوں نےتباہی مچادی مزید 48افراد جاں بحق 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

100سے زائد زخمی،خیبرپختوانخوا اور بالائی علاقوں میں تودے اور چھتیں گرنے سے ہلاکتیں،محکمہ موسمیات


News Agencies/Numaindgan February 06, 2013
ملک کے مختلف حصوں کی طرح چترال میں بھی شدید برف باری کے بعد گاڑیاں برف سے ڈھکی ہوئی نظرآرہی ہیں۔ فوٹو: آن لائن

ملک بھر میں تیسرے دن بھی بارشوں اوربرفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے مزید48 افرادجاں بحق اور100سے زائد زخمی ہو گئے۔

بارشوں سے ٹرینوںاور پروازوںکانظام بھی بری طرح متاثر ہوا، بالائی علاقوں میں برفباری کا30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا مالم جبہ 10، کالام6 اور مری میںڈھائی فٹ برف پڑچکی ہے، بدھ کو مزید برفباری کا امکان ہے، رابطہ سڑکوں کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا، مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح طغیانی کی حد اٹھارہ فٹ کو عبور کر گئی، خیبر پختونخوا میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 28 افراد جاں بحق ' 73 زخمی ہو گئے جبکہ راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں 20افراد جاں سے ہاتھ دھو بیٹھے ،بارش کاسلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رہا جبکہ پہاڑوں پر ریکارڈبرف باری ہوئی جس سے48 افرادجاںبحق اور100سے زائدزخمی ہوگئے، شانگلہ،نوشہرہ،5،5،جمرود،پشاور،بونیر4،4،کہوٹہ ، کرک، اوکاڑہ3،3،اڈیالہ،چارسدہ ،صوابی،ہری پور، سیالکوٹ 2،2، راولپنڈی ، مردان،سوات،پنڈی بھٹیاں، میاں چنوں ،قلات میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ حافظ آباد کے نواحی علاقہ لکھی شاہ میں کمرے کی چھت گرنے سے پانچ سالہ لڑکی دم توڑ گئی جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔ پنڈی بھٹیاں میں ہوٹل کی دیوار گرنے سے مدرسے کا ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

لاہور کے علاقے جوہرٹائون میں مویشیوں کے باڑے کی بوسیدہ چھت چھت گرنے سے 20 سالہ ساجد ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے، لاہور میں موسلاھار بارش کے ساتھ ژالہ باری شروع سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ صبح کے وقت بارش جبکہ سہ پہر کے وقت دھوپ نکل آئی۔ اوکاڑہ کے نواحی قصبہ دھر مے والا میں مکان کی چھت گرنے سے محمد شریف اور اس کا پانچ سالہ بیٹا عدنان جاں بحق ہوگئے جبکہ بیوی زخمی ہوگئی۔ وہاڑی میں بوسیدہ چھتیں اور دیواریں منہدم ہونے ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ خانیوال کے علاقے جسونت نگر میں مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے۔

 

1

بھکر میں گورنمنٹ لائیو سٹاک فارم کی چھت گرنے سے سو سے زائد بھیڑیں ہلاک ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں بھی بارش نے تباہی مچادی ۔مظفرآبادمیںمتعددمقامات پر لینڈ سلائڈنگ سے درجنوں مکانات، دکانوں اور لاکھوںروپے مالیتی اراضی تباہ ہو گئے۔ مظفرآباد سرینگر روڈ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند،سرینگرمظفرآباد کے درمیان دو طرفہ تجارت معطل ہونیکا خدشہ ہے،جبکہ مری میں مسلسل بارش اوربرفباری سے مری کی یونین کونسل سہر بگلہ کے نواحی علاقہ گھوئی کے مقام پر لئیڈ سلائیڈنگ آٹھ مکانات، دو سکول ،دو پولٹری فارم اور چھ دوکانیںزدمیں آ گئیں، مری میں 2 جبکہ گلیات میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے ایوبیہ ،نتھیا گلی روڈ برفباری کے باعث مکمل طور پربندہے۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں دو روز کی بارش اور بھاری برف باری کے بعد شددی سردی کی لپیٹ میں آگئے جس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چھ اور زیارت میں منفی 14پہنچ گیا۔ شدید سردی میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ بارش کے باعث ریل گاڑیوں کی آمدورفت اور پروازوں کاشیڈول بری طرح متاثر ہوا جس کی وجہ سے مسافروں اوران کے رشتہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آن لائن کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور منگل کی شام تک مالم جبہ میں10، کالام میں6اور مری میں اڑھائی فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ ڈویژن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرار ت قلات میں منفی سات ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ بارش مظفر آباد اور رسالپور میں51 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بی بی سی کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹے میں ختم ہوجائے گا جس کے بعد جلد ہی ملک بھر میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو کہ تین سے چار روز تک جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں