حکومت نے جے آئی ٹی رپورٹ کو ’’ردی‘‘ قرار دیکر مسترد کردیا

یہ جے آئی ٹی نہیں بلکہ پی ٹی آئی رپورٹ ہے اور سیاسی الزامات کو رپورٹ کی شکل میں پیش کیا گیا، بیرسٹر ظفراللہ


ویب ڈیسک July 10, 2017
یہ جے آئی ٹی نہیں بلکہ پی ٹی آئی رپورٹ ہے اور سیاسی الزامات کو رپورٹ کی شکل میں پیش کیا گیا، بیرسٹر ظفراللہ -فوٹو: اے پی پی

GILGIT: حکومت نے جے آئی رپورٹ کو ردی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں کوئی دلیل یا مستند مواد نہیں جب کہ رپورٹ کو عمران نامہ قرار دینا غلط نہیں ہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ دھرنا نمبر 3 ہے اور ہم اس رپورٹ کو ردی قرار دے کر مسترد کرتے ہیں جب کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے جھوٹ کو عدالت میں بے نقاب کریں گے، اچھا ہوتا وزیراعظم کے خلاف مالی بدعنوانی کا ثبوت نکالا جاتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ جے آئی ٹی کی وزیراعظم کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر ظفراللہ کا کہنا تھا کہ یہ جے آئی ٹی نہیں بلکہ پی ٹی آئی رپورٹ ہے اور سیاسی الزامات کو رپورٹ کی شکل میں پیش کیا گیا جب کہ جے آئی ٹی کے 4 ارکان قانونی معاملات کی سمجھ نہیں رکھتے۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سورس رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، میں سمجھتا تھا جے آئی ٹی کا انحصار مضبوط شہادتوں پر ہوگا لیکن جے آئی ٹی نے تصدیق شدہ دستاویزات کی بجائے ڈرافٹ پر انحصار کیا اور رحمان ملک کی باتوں پر بہت زیادہ انحصار کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ میچ ختم ہوگیا،شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں،عمران خان

خواجہ آصف نے کہا کہ حسین نواز نے قانونی طریقے سے نوازشریف کو رقم بھیجی، یہ پیسا بینکنگ چینل کے ذریعے نواز شریف کے اکاؤنٹ میں آیا جب کہ برطانیہ میں ٹیکس اور بینکنگ قوانین پاکستان سے زیادہ سخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ پر پورا اعتماد ہے، اس کی آزادی میں ہمارا بھی حصہ ہے جب کہ سپریم کورٹ میں بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔

وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے ہم پر تحفظات کا اظہار کیا اور رپورٹ میں بہت سی باتیں ناقابل یقین اورمضحکہ خیز ہیں، رپورٹ سے مشرف دور کے بے بنیاد الزامات کی یاد تازہ ہوگئی جب کہ ہمیں کوئی ڈر نہیں ہے، مقدمہ پاکستان کے عوام کے سامنے ہے۔



دوسری جانب وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ مسترد، ہر تضاد کا سپریم کورٹ میں مقابلہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں