نیشنل اسٹیڈیم میں کام شروع گھاس ہٹا دی گئی

یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن کے ابتدائی میچز کا انعقاد ناممکن


کثیر لاگت منصوبے کے پہلے حصے میں گراؤنڈ پر لگی ہوئی گھاس کو نکال دیا گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو اپ گریڈ کرنے کا کام شروع ہو گیا، میدان سے گھاس ہٹا دی گئی، پچز بھی بین الاقوامی معیار سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک ارب روپے سے زائد رقم سے تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے کام کا آغاز ہوگیا، مالی فنڈز کی عدم دستیابی اور بورڈ حکام کی پہلو تہی کے سبب خستہ حالی کا شکار ہونے والے اسٹیڈیم کی تعمیر و تزئین کیلیے 10 ماہ کے تعمیراتی پروجیکٹ کا مقصد اسے اگلے پی ایس ایل میچز کیلیے تیار کرنا ہے، کثیر لاگت منصوبے کے پہلے حصے میں گراؤنڈ پر لگی ہوئی گھاس کو نکال دیا گیا ہے۔

کنٹریکٹ پانے والے ادارے نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں چیف کیوریٹر کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہونے والے سیالکوٹ میں مقیم 75 سالہ عبدالغنی کی خدمات حاصل کرلی ہیں، 46 سالہ تجربے کے حامل عبدالغنی کا کہنا ہے کہ آؤٹ فیلڈ کو انگلینڈ جیسا بنائیں گے۔

اس پر موجود 80 فیصد گھاس جنگلی نکلی جبکہ وہ قطعی طور پر ہموار نہ تھی، میدان کو لیول کرنے کے بعد گھاس لاہور سے منگوائی گئی ہے جسے چند روز میں لگا دیا جائے گا، عبدالغنی نے مزید دعویٰ کیا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچز انٹرنیشنل معیار کے مطابق نہیں تھیں، 13 انچ تک مٹی کی تہہ تھی جسے اب عالمی معیارکے مطابق 7 سے ساڑھے 7 انچ تک لایا جائے گا،آؤٹ فیلڈ بہتر ہونے کے بعد قومی کرکٹرز انگلینڈ اور آسٹریلوی میدانوں کی طرح یہاں پر بھی بے خطر ہوکر ڈائیو لگا سکیں گے۔

دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم پر تعمیراتی کاموں کے سبب نئے ڈومیسٹک سیزن کے ابتدائی میچز کا انعقاد ممکن نہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں