اورکزئی کرم ایجنسی میں بمباری 36شدت پسند ہلاک

ماموزئی میں 18،کرم 10،لنڈی کوتل میں 8ہلاکتیں ہوئیں،21زخمی،14ٹھکانے بھی تباہ


خیبر ایجنسی میں ذخہ خیل قبائل ، انصار الاسلام اور تحریک طالبان و لشکر اسلام میں تازہ جھڑپیں ، پشاور میں فائرنگ، باپ، بیٹا جاں بحق، 4لاشیں ملیں۔ فوٹو فائل

PESHAWAR: اپراور کزئی ، کرم ایجنسی اور خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے36 شدت پسند ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے جبکہ ان کے 14 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔

اورکزئی ایجنسی کی مقامی انتظامیہ کے مطابق ہفتے کو سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے ماموزئی کے مختلف علاقوں سمابازار ، ادوخیل، چندری اور بوٹا خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں 18 شدت پسند ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے جبکہ ان کے 8 ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔ آن لائن کے مطابق طالبان کے مقامی ترجمان حافظ سعید نے ہلاکتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بمباری خالی گھروں پر کی گئی ہے۔ ادھر سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے کرم ایجنسی کے علاقہ نیکہ زیارت میں شدت پسندوں کے 3 ٹھکانوں پر بمباری کی جس سے 10 شدت پسند ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

خیبر ایجنسی میں لنڈیکوتل کے علاقہ بازار ذخہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 8 شدت پسند ہلاک اور ان کے 3 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ۔ این این آئی کے مطابق خیبر ایجنسی میں اور کزئی ایجنسی کی سرحد کے قریب مقامی ذخہ خیل قبائل ، انصار الاسلام اور تحریک طالبان و لشکر اسلام میں تازہ جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، انصار الاسلام نے میدان کے علاقے میں خیبر سنگڑنامی اہم چوکی کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے ، قسمت چوکی پر قبضہ کیلئے لڑائی جاری ہے جس میںجس میں9طالبان سمیت 19افراد مارے گئے۔

19

ادھر شمالی وزیرستان میں غیرمعینہ مدت کیلیے کرفیو نافذ کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میں تبلیغی مرکز اور میران شاہ میرعلی روڈ پر نصب 2 ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنادیے۔ پشاور میں شیر شاہ سوری روڈ پر گورنر ہائوس کے قریب موٹرسائیکل سواروں کی ایک گاڑی پر فائرنگ سے باپ یونس بیگ اور بیٹا سیف اللہ جاں بحق جبکہ ایک شخص انعام اللہ زخمی ہوگیا ، پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ نواحی علاقہ ثمر باغ سے 4 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

لاشوں کی شناخت شاہ نواز، مصری خان، منصور اور اشفاق کے طور پر ہوئی ہے ، تمام افراد پشاور کے رہائشی ہیں۔ ٹانک کے گائوں رغزہ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے امن کمیٹی کا ایک سابق رکن رشید خان ہلاک جبکہ دوسرا تحسین شدید زخمی ہوگیا۔اورکزئی ایجنسی کے دھماکے میں زخمی شخص ہاشم لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں