ناقص کارکردگی والے کمرشل قونصلرز ہٹائے نہ جاسکے

سابق وزیر اعظم نے وزارت تجارت کوکارکردگی جانچ کر رپورٹ کرنیکی ہدایت کی تھی


علیم ملک July 31, 2017
نئی پالیسی کے تحت مختلف ممالک میں تعینات سفرا سے کمرشل قونصلرز کے بارے میں رائے لی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

وزارت تجارت کی جانب سے بیرون ملک تعینات کمرشل قونصلرز کی کارکردگی جانچنے کا عمل کئی ہفتے گزرنے کے بعد بھی مکمل نہ ہو سکا تاہم ناقص کارکردگی کے حامل کمرشل قونصلرز بدستو ر اپنے عہدوں پر براجمان ہیں۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے وزارت تجارت کو ہدایت کی گئی تھی کہ بیرون ملک تعینات کمرشل قونصلرز کی کارکردگی جانچنے کے لیے مقررہ معیار پر نظر ثانی کی جائے اور اس سلسلے میں رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائے۔

ذرائع نے بتایاکہ نئی پالیسی کے تحت مختلف ممالک میں تعینات سفرا سے کمرشل قونصلرز کے بارے میں رائے لی گئی ہے۔ وزارت تجارت کے اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے کمرشل قونصلرز کے بارے میں اپنی رائے فراہم کر دی ہے۔ سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے کمرشل قونصلرز کی کاکردگی کی جانچ پٹرتال کرنے کے لیے خود تمام قونصلرز کے انٹرویو کرنے کا کام شروع کیا تھاتاہم ابھی تک عمل کو مکمل نہیں کیا جا سکا۔

وزارت تجارت کی جانب سے سابق وزیر اعظم کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ کمرشل قونصلرز کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جلد جمع کروادی جائے گی تاہم یہ رپورٹ ابھی تک التوا کا شکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ کمرشل قونصلرز کی جانب سے اپنی کارکردگی بہتر ظاہر کروانے کے لیے اثر رسوخ بھی استعمال کیا جا رہاہے۔ اس سلسلے میں ایکسپر یس کی جانب سے رابطہ کرنے پر وزارت تجارت کے ترجمان بلال پاشا نے بتایاکہ وہ بیرون ملک دورے پر گئے ہوئے تھے اور اس سلسلے میں کسی بھی پیش رفت سے آگاہ نہیں ہیں۔ سیکریٹری تجارت سے بھی رابطہ کیا گیا تاہم انھوں نے وٹس ایپ میسجز کا جواب نہیں دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں