اولمپکس ہاکی پاکستان اور برطانیہ کی آج پنجہ آزمائی

فتح سیمی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کر دے گی،نروس نہ ہوں،اعصاب کنٹرول میں رکھیں، کوچ کی کھلاڑیوںکو ہدایت


فتح سیمی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کر دے گی،نروس نہ ہوں،اعصاب کنٹرول میں رکھیں، کوچ کی کھلاڑیوںکو ہدایت (فوٹو ایکسپریس)

ISLAMABAD: اولمپک گیمز کے گروپ اے میں پاکستان اور میزبان برطانیہ جمعے کو پنجہ آزمائی کریںگے، میچ کا نتیجہ گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ کرے گا، ارجنٹائن کو2-0 سے شکست دینے کے بعد ٹیم کے حوصلے بہت بلند ہیں، کھلاڑی میزبان کو اس کے ہوم گرائونڈ اورکرائوڈ کے سامنے ہرانے کیلیے بے چین ہیں،

اس سے اذلان شاہ کپ کی شکست کا حساب بھی چکتا ہو جائے گا۔ ریورسائیڈ اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم نے جمعرات کو بھرپور ٹریننگ کی، برطانیہ سے میچ میں ایشین اسٹائل اپنا کر فتح کی حکمت عملی اپنانے پر غور جاری ہے،اسپین سے ڈرا میچ اور ارجنٹائن کو شکست دینے کے بعد گروپ اے میں پاکستان نے 4 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ انگلینڈ کو مات دے کر وہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلیں گے۔ دوسری طرف انگلش ٹیم کے حوصلے بھی بلند ہیں،اس نے جنوبی افریقہ کیخلاف میچ2-2 سے برابر کیا جبکہ ارجنٹائن کو4-1 سے مات دی۔ پاکستانی کپتان سہیل عباس نے کہا کہ ٹیم ردھم میں آگئی،دونوں میچز میں کھلاڑی متحد ہوکر کھیلے اور آپس میں اچھی انڈراسٹینڈنگ ہوگئی ہے،ارجنٹائن کو شکست دینے سے بھی ٹیم میں ایک نیا جوش و ولولہ آگیا جسے اگلے میچز میں بھی برقرار رکھیںگے۔

کوچ خواجہ محمد جنید نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میزبان کیخلاف بھی بہترین ہاکی کھیلیں گے، جب دو ٹیمیں کھیلیں تو غلطیاں ضرور ہوتی ہیں تاہم ہم کوشش کریں گے کہ زیادہ سنگین غلطیاں نہ ہوں، انھوں نے کہا کہ ہم نے پلیئرزکو ہدایت کی کہ میچ میں نروس نہ ہوں، اعصاب کو کنٹرول میں رکھنا ہوگا

کیونکہ انگلینڈ کو ہوم کرائوڈ کی سپورٹ حاصل ہوگی، خواجہ جنید نے کہا کہ ہم ہر میچ کی حکمت عملی صورتحال کو دیکھ کر بناتے ہیں، برطانیہ کیخلاف بھی ایسا ہی کریں گے،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اذلان شاہ کپ کی شکست کو بھلاکر ٹیم میدان میں اترے گی، کھلاڑی اس ناکامی کا بدلہ لیتے ہوئیں سیمی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں۔

نوٹ: میچ پاکستانی وقت کے مطابق 8بجے شب شروع ہوگا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں