عمران حمزہ خورشید شاہ سراج الحق نے گوشوارے جمع نہیں کرائے

الیکشن کمیشن نے 30 ستمبرتک مہلت دیدی، بعد میں رکنیت معطل کردی جائے گی


تفصیل 15 اکتوبر کو شائع ہوگی، نااہل نوازشریف اپنا گوشوارہ جمع نہیں کرائیں گے۔ فوٹو: فائل

DI KHAN: الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات کے باوجود سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن صفدر، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، حمزہ شہباز، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سراج الحق، خورشید شاہ، سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے اب تک مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے۔

الیکشن کمیشن نے اراکین سینیٹ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنے سالانہ گوشوارے30 ستمبر2017 تک جمع کرانے کی آخری مہلت دے رکھی ہے، مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ پاناما لیکس اسکینڈل منظر عام پر آنے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد اراکین پارلیمنٹ مالی گوشواروںکے حوالے سے زیادہ محتاط ہوگئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اثاثوں اور زیرکفالت افراد کی تفصیلات 30ستمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں۔

کمیشن کے مطابق ان ممبران کے نام جنھوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیل الیکشن کمیشن میں30ستمبر تک جمع کرائی ہوتی ہے15 اکتوبر کو شائع کیے جاتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن میں اپنے مالی گوشواروں اور اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی جائیگی۔

واضح رہے کہ پانامالیکس اسکینڈل کی زد میں آنے والے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نااہلی کے باعث اب اپنے مالی اثاثوں کا گوشوارہ الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں