پی سی بی بورڈ کے الیکشن کمیشن نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں

کے سی سی اے معاملات میں مداخلت اور جانبداری کا ایک اورثبوت سامنے آگیا


کے سی سی اے کے5 زونز کے عہدیداروں کا بلا مقابلہ انتخاب ہو چکا ہے۔ فوٹو: فائل

QUETTA: پی سی بی کی جانب سے کے سی سی اے معاملات میں مداخلت اور جانبداری کا ایک اورثبوت سامنے آگیا، بورڈ کے الیکشن کمیشن نے اپنے خلاف درخواست کی سماعت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔

سابق صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز فاروقی نے صدر العمران کلب زون 1 کے انتخاب پر پی سی بی الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست کی تھی جو سماعت کرنے والے جج( ایڈجوکیٹر) کے روبرو زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن نے زون کے معاملات کی نگرانی کیلیے عبوری کمیٹی بناکر اس میں زونل ووٹر کو بھی شامل کرلیا، سلیم رضا کی سربراہی میں قائم کی جانے والے سہ رکنی عبوری کمیٹی میں ایس ایم جنید اور امتیاز صفدر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امتیاز صدر زون 1 میں رکنیت کے حامل رفیق شیرازی کرکٹ کلب کے صدر ہونے کے ناطے رائے دہندہ کی حیثیت رکھتے ہیں، کرکٹ کے حلقوں نے زون کے ووٹر کو عبوری کمیٹی میں شامل کیے جانے پر کراچی کرکٹ کے حوالے سے پی سی بی کے رویے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

دریں اثناء زون1 کے حوالے سے جج (ایڈجوکیٹر)عابد ساقی نے پروفیسر اعجاز فاروقی کی درخواست کی سماعت 28 اگست تک ملتوی کر دی، لاہور میں گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں پی سی بی کے سابق رکن گورننگ بورڈ اعجاز فاروقی اپنے وکلاء اختر حسین ایڈوکیٹ اور مسعود غنی ایڈوکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے، اعجاز فاروقی نے کے سی سی اے زون 1 کے العمران کرکٹ کلب کے صدر کے انتخاب کو چیلنج کیا ہے،ان کی طرف سے پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے رو برو کی جانے والی اپیل کے بعد پہلے ہی زون 1 کے انتخابات موخر کیے جا چکے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ کے سی سی اے کے5 زونز کے عہدیداروں کا بلا مقابلہ انتخاب ہو چکا ہے، ان میں زون 3، 4،5 ،6اور7 زون کے صدر ، سیکریٹری اور خازن شامل ہیں،جج( ایڈجوکیٹر) قبل ازیں زون 2 کے 3 کلبز کے پرانے صدور کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیل پر 26 اگست کو زون2 کے انتخابات کرانے کا حکم دے چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں