جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر شہر کو قومی پرچم اور جھنڈیوں سے سجا دیا گیا

قومی پرچموں کی ریکارڈ فروخت، سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں کو سجادیا گیا


Nasiruddin August 12, 2017
مقررین کاملک میں محبت،امن، بھائی چارگی اور اخوت کے پیغام کوعام کرنے کا عہد۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان کا 70 واں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلیے زبردست تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں، شہرکے گلی کوچوں، محلوں، شاہراہوں،عمارتوں اور دیگر مقامات کوخوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔

شہرکی اہم سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیے گئے جبکہ ان عمارتوں کو خوبصورتی سے سجا بھی دیا گیا ہے،جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے بچوں، نوجوانوں اور خواتین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے،شہر بھر میں قومی پرچموں کی بہار آگئی۔

بچوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ جشن آزادی ہمارے لیے عید کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن برصغیرکے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت حاصل ہوئی تھی،جشن آزادی کے سرکاری و نجی عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجانے کا کام جاری ہے،شہری اپنی گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا رہے ہیں، بچے، بچیاں اور نوجوان اپنے گھروں کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے آراستہ کررہے ہیں، شہر میں نوجوان قومی پرچم لہراتے ہوئے موٹرسائیکل ریلیاں نکال رہے ہیں ،مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے سیمینار و مذاکروں کا سلسلہ جاری ہے۔

مقررین کا کہنا ہے کہ ایک ہی پیغام ہے ''سب سے پہلے پاکستان''، جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے ملک میں محبت ، امن ، بھائی چارگی اور اخوت کے پیغام کو عام کریں گے اور اپنی تمام صلاحیتیں ملک کی ترقی کیلیے وقف کریں گے، تقریبات میں حصول پاکستان کے لیے لاکھوں شہدا کا خصوصی ذکر کیا گیا، جشن آزادی کے سلسلے میں شہرکے اسکولوں میں خصوصی تقریبات کا اعلان کیا گیا۔

کراچی میں قومی پرچموں اور جھنڈیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا، حالیہ سالوں کی نسبت اس سال شہر کے مختلف مقامات پرکئی گناہ زائد اسٹالز لگائے گئے،کراچی میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریباً 3کروڑ سے زائد مختلف سائزکے پرچم تیار کیے گئے ہیں شہر کی مارکیٹوں، بازاروں اور اسٹالز پر x3,4x6,12x8,12x18,,18x24,24x36,36x54,48x72 سمیت مختلف سائز کے پرچم دستیاب ہیں، زیادہ تر لوگ 6x4 فٹ کے پرچم خرید رہے ہیں۔

قومی پرچموں کی فروخت کرنے والے دکانداروں نے بتایا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں قومی پرچموں اورجھنڈیوں کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے،شہریوں کے علاوہ تعلیمی اداروں،مختلف سیاسی و مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر قومی پرچم اور جھنڈیاں خریدنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دکانداروں نے بتایا کہ قومی پرچموں اور جھنڈیوں کی تیاری کا کام جون میں شروع ہوگیا تھا اور جولائی کے آخری ہفتے میں قومی پرچموں کی تیاری مکمل کرکے یکم اگست سے قومی پرچموں کی فروخت کا کام شروع ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں