ن لیگ ہمیشہ ڈیزائن الیکشن جیتی اب ایسا نہیں ہوگا زرداری

صدرکا جان کیری کوفون، اعتزاز کے ظہرانے میں شرکت، چوہدری برادران سے ملاقات


Agencies/Numaindgan Express February 13, 2013
لاہور: صدرزرداری،اعتزازاحسن سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کررہے ہیں،بشریٰ اعتزاز،بلاول بھی موجودہیں۔ فوٹو: اے پی پی

ISLAMABAD: صدر آصف زرداری سے منگل کو مسلم لیگ (ق) کے ایک وفد نے چوہدری شجاعت کی قیادت میں ملاقات کی۔

وفد میں نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی، مشاہد حسین اور مونس الٰہی شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے مذاکرات میں قمر زمان کائرہ اور نذر گوندل شریک ہوئے۔ دونوں پارٹیوں کے وفود نے ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا اور آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی۔ صدر زرداری نے چوہدری شجاعت اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ دریں اثنا صدر زرداری نے نئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کو ٹیلی فون کیا اور انھیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر نے توقع ظاہر کی کہ جان کیری کی تعنیاتی سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور یہ تعلقات باہمی احترام کے اصول کے تحت آگے بڑھیں گے۔

جان کیری نے صدر زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان اور امریکا کو قریب لانے کے لیے اپنا کردار کریں گے۔ علاوہ ازیں صدر زرداری نے سینیٹر اعتزاز احسن اور انکی اہلیہ بشریٰ اعتزاز کے طرف سے دییگئے ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ صدر اور بلاول بیدیاں روڈ پر اعتزاز احسن کے فارم ہاؤس پر گئے، اس موقع پر اہم ملکی، باہمی دلچسپی اور پنجاب کے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بتایا گیا ہے کہ صدر کی ضیافت میں نرگسی کوفتے، مچھلی، بون لیس ہانڈی، حلیم، دال اور مکس سبزیوں کے پکوان شامل تھے۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول ہائوس لاہور میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں امتیاز صفدر وڑائچ و دیگر نے صدر سے ملاقات کی۔

صدر زرداری نے رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں الیکشن کیلیے تیاری کریں۔ صدر نے صوبائی حلقہ پی پی 91 کیلیے رانا فیصل رئوف، پی پی 92 میں لالہ اسد اللہ پاپا، پی پی 95 میں سعود حسن ڈار، پی پی 93 میں طارق گجر، پی پی 98 میں میاں ارقم خان، پی پی 96 میں رائو اکرام، پی پی 99 میں قیصر سندھو، این اے 95 میں چوہدری صدیق، این اے 98 میں امتیاز صفدر وڑائچ، این اے 99 میں ذوالفقار بھنڈر کو گرین سگنل جاری کرتے ہوئے پارٹی کیلیے ان کی خدمات کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق این اے 96 اور این اے 97 کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔گوجرانوالہ ڈویژن کے پارٹی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا موجودہ حکومت نے مفاہمت کی پالیسی اپنا کر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

4

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ق) کا ساتھ چھوڑ جانے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے حلقے اوپن قرار دے دیے ہیں اور ایڈجسٹمنٹ میں ان نشستوں پر مسلم لیگ(ق) کا استحقاق ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ صدر زرداری نے ایسے حلقوں میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر اچھے امیدوار لانے کا ٹاسک صوبائی صدر منظور وٹو کو دے دیا ہے۔ پیپلزپارٹی نے نارووال کے حلقہ این اے 115 سے مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی سمیرا ناز، این اے 113 سے مسلم لیگ(ن) کے رہنما مرزا قیوم اور این اے 96سے تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر علی اشرف سے رابطے کئے ہیں۔ اس حوالے سے رپورٹ گزشتہ روز بلاول ہاؤس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کے اجلاس میں پیش کی گئی۔

صدر آصف زردری اور فریال تالپور بھی اس اجلاس میں شریک تھے۔ فریال تالپور گزشتہ روز خصوصی طور پر اس اجلاس میں شرکت کیلیے کراچی سے لاہور پہنچیں۔ منظور وٹو، امیتاز صفدر وڑائچ ، فردوس عاشق اعوان ، نذر گوندل سمیت دیگر اہم پارٹی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کو سیالکوٹ شہر میں خواجہ آصف کے خلاف الیکشن لڑنے کیلیے کہہ دیا جس پر فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ اگر صدر صاحب حکم کرتے ہیں تو میں دو نشستوں سے الیکشن لڑنے کیلیے تیار ہوں۔ صدر زرداری سیالکوٹ سے تین بار الیکشن ہارنے والے امیدوار کے نام پر برہم ہوگئے اور کہا کہ وہ اب کیوں الیکشن لڑنا چاہتا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ این اے 99 گوجرانوالہ سے پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر عبداللہ سرور تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں جس پراس حلقہ سے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے ذوالفقار بھنڈر امیدوار ہیں۔ این اے 96سے پیپلزپارٹی کے امیدوار خواجہ صالح بھی تحریک انصاف میں چلے گئے ہیں، طارق محمود گجر ایم پی اے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں اس حلقہ میں مغل برادری کافی زیادہ تعداد میں ہے۔ پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت نے اجلاس میں تجویز دی ہے کہ اس حلقہ میں بیرسٹر علی اشرف تحریک انصاف کے ٹکٹ کیلئے امیدوار ہیں ان سے رابطہ کرکے پارٹی میںلایاجائے توہم یہ نشست نکال سکتے ہیں۔صدر زرداری نے کہاکہ مسلم لیگ ن ہمیشہ ڈیزائن کے مطابق الیکشن جیتی ہے اب ایسانہیں ہوگا فری اینڈ فئیر الیکشن ہوگا اور دھاندلی نہیں ہوسکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں