راولپنڈی میں مناسب کراؤوڈ جمع نہ کرنے پر حنیف عباسی کی سرزنش

شریف نے سوال کیا راولپنڈی کے دیرینہ کارکن کہاں، انہیں ساتھ کیوں نہیں رکھا گیا، ذرائع


Express News August 13, 2017
شریف نے سوال کیا راولپنڈی کے دیرینہ کارکن کہاں، انہیں ساتھ کیوں نہیں رکھا گیا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور تک ریلی کے پہلے مرحلے میں مناسب تعداد میں لوگ جمع نہ کرنے پر سابق ایم این اے حنیف عباسی اور بعض دیگر رہنماؤں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ سابق ایم این اے کمیٹی چوک تک ریلی کو مثالی قرار دیتے رہے تاہم سینئر قیادت اور خود نواز شریف ریلی میں شرکاء کی تعداد سے مطمئن نظر نہیں آئے اور ان پر برہمی کا اظہار کیا۔ بدھ اور جمعرات کی رات گئے جب نواز شریف مری روڈ پر ریلی سے خطاب کے بعد پنجاب ہاؤس راولپنڈی پہنچے تو ان کے پیچھے دیگر قائدین کے ہمراہ حنیف عباسی بھی وہاں پہنچے تو نواز شریف نے سب سے پہلے خطاب کیلئے سٹیج کی تیاری نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے سوال کیا راولپنڈی کے دیرینہ کارکن کہاں، انہیں ساتھ کیوں نہیں رکھا گیا، صرف تصاویر ، بینر اورہورڈنگ لگانے سے کا م نہیں چلے گا۔ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کہ ہے کہ یہ درست ہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے بازپرس کی ہے۔

علاوہ ازیں اگلے روز پنجاب ہاؤس راولپنڈی سے نواز شریف کی روانگی کے موقع پر حنیف عباسی موجود نہ تھے۔ لیگی حلقوں کا یہ تاثر ہے کہ حنیف عباسی پارٹی قیادت کی سرزنش کے بعد شائد اگلے روز موجود نہ تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں