سلو اوور ریٹ نے تھارنگا کو گھر بٹھا دیا 2 میچز کی پابندی

بھارت سے سیریز کے دیگرمیچزمیں چمارا کاپوگدیرا سری لنکا کی قیادت کریں گے


AFP August 26, 2017
دنیش چندیمل اورلاہیرو تھریمانے ایکشن میں دکھائی دیں گے، دنوشکا انجرڈ ہو گئے۔ فوٹو : فائل

سلو اوور ریٹ نے سری لنکن کپتان اپل تھارنگا کو گھر بٹھا دیا، وہ اگلے 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز سے باہر ہوگئے۔

اپل تھارنگا پر یہ پابندی بھارت سے سیریزکے دوسرے میچ میں مقررہ وقت میں بولنگ مکمل نہ کرنے پر عائد کی گئی، سری لنکا کرکٹ نے ان کی عدم موجودگی میں آئندہ 2 میچز کیلیے مڈل آرڈر بیٹسمین چمارا کاپوگدیرا کو ٹیم کی باگ ڈور سونپنے کا اعلان کردیا۔

بھارت نے گزشتہ دنوں پالے کیلی میں بارش سے متاثرہ میچ 3 وکٹ سے جیت کر سیریز میں 2-0 کی برتری پا لی تھی، میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے مطابق سری لنکن ٹیم مقررہ وقت میں 3 اوورز پیچھے پائی گئی،آئی سی سی قواعد کے تحت ٹیموں کو ساڑھے 3 گھنٹے میں 50 اوورز مکمل کرنا ہوتے ہیں۔

تھارنگا اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی 2میچز کی پابندی بھگت چکے جو ان پر جون میں جنوبی افریقہ سے سیریز کے ابتدائی میچ میں سلو اوور ریٹ پر عائد کی گئی تھی، ٹیم کی مشکلات یہیں ختم نہیں ہوئیں بلکہ اوپنر دنوشکا گوناتلکے بھی انجرڈ ہوگئے ہیں۔ ان دونوں کی جگہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کپتان دنیش چندیمل اور بیٹسمین لاہیرو تھریمانے کو بھی پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے باقی تین میچز کیلیے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے، دنوشکا بھارت سے سیریز کے دوسرے میچ میں دوران فیلڈنگ کندھے کی انجری سے دوچار ہوگئے تھے، انھیں اس سے نجات پانے کے لیے تقریباً آئندہ 10 یوم تک آرام درکار ہوگا۔

ادھر میزبان بورڈ نے صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے تجربہ کار دنیش چندیمل کو طلب کیا جو گزشتہ برس ون ڈے انٹرنیشنل میں عمدہ کھیل پیش کرتے رہے لیکن پھر پرفارمنس میں گراوٹ آگئی، دوسری جانب سری لنکن ٹیم منیجر اور سلیکٹر اسانکا گروسنہا نے کہا کہ سلیکٹرز کاپوگدیرا کو ہی بطور کپتان آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں، وہ سیریز میں تھارنگا کے نائب بنائے گئے تھے، ہم باہر سے کسی کو لانا نہیں چاہتے جو سیٹ اپ ابھی چل رہا ہے ہم اسے ہی جاری رکھیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں