ورلڈ الیون سے قبل 11 غیر ملکی گول کیپر پاکستان آئیں گے

3 اکتوبر سے کراچی میں شیڈول نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے


شائقین کی دلچسپی کیلیے میچز سے قبل پنالٹی شوٹ آؤٹ ہوں گے، نوید عالم۔ فوٹو: فائل

LAUSANNE: شائقین ہاکی کے لیے ایک اور خوشخبری آگئی، ورلڈ الیون سے قبل دنیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے 11 غیر ملکی گول کیپرز نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے پاکستان آئیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل کی انٹرنیشنل بحالی کے لیے سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے، حکام کی یہ کوشش خاصی حد تک کامیاب ہونا بھی شروع ہوگئی ہیں۔ پی ایچ ایف نے 3 روز قبل اکتوبر میں ورلڈ الیون کو پاکستان بلانے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں آسٹریلیا، جرمنی، انگلینڈ، آئرلینڈ، اسپین اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے، اس موقع پر دنیائے ہاکی کے عظیم پلیئرز بوویلنڈر، بلوشر، دھن راج پلے، پال لیٹجن اور چارلس ورتھ بھی مدعو کیا جائے گا۔

شائقین ہاکی کیلیے اب نئی خوشخبری یہ ہے کہ ورلڈ الیون سے قبل دنیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے11 غیر ملکی گول کیپرز نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے پاکستان آئیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 3 سے 10 اکتوبر کے درمیان کراچی میں کھیلا جائیگا جس میں شامل ٹیمیں نشان حیدر حاصل کرنے والے تمام 11شہدا کے ناموں سے منسوب ہونگیں۔

ٹیموں کے نام کیپٹن راجہ محمد سرور، میجر طفیل محمد، میجر راجہ عزیز بھٹی، راشد منہاس، میجر شبیر شریف، سوار محمد حسین، میجر محمد اکرم، لانس نائیک محمد محفوظ، کیپٹن کرنل شیر خان، حوالدار لالک جان اور نائیک سیف علی جنجوعہ رکھے گئے ہیں۔

اس ایونٹ کی خاص بات اس ایونٹ میں کھیلنے والے تمام 11گول کیپر غیر ملکی ہونگے، تمام فارن گول کیپرز کے ساتھ پی ایچ ایف کے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں اور سب نے اپنی آمد کے حوالے سے کنفرمیشن دے دی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیولپمنٹ نوید عالم کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کو دلچسپ بنانے کے لیے اس کے فارمیٹ میں کئی تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس سے یقینی طور پر شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں جہاں تمام 11 ٹیموں کے گول کیپرز غیر ملکی ہونگے وہیں میچز سے قبل پنالٹی شوٹ آوٹس بھی لگائے جائیں گے، اس مرحلے میں جو ٹیم کامیابی حاصل کرے گی اسے ایک پوائنٹ دیا جائے گا جبکہ میچ کی فاتح ٹیم 2 پوائنٹس کی حقدار ٹھہرے گی، اس پریکٹس سے پوائنٹس ٹیبل پر پوائننٹس کی تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں سے ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہر ٹیم13 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز پر مشتمل ہوگی، میچز کا دورانیہ 50 منٹ کا ہوگا جبکہ مقابلے سے قبل 10منٹ پر مشتمل پنالٹی شوٹ بھی لگائے جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں