جمہوریت کے نام پرجبرکی بدترین شکل سامنے لائی جارہی ہےالطاف حسین

امن کے پیغام کو کمزوری نہ سمجھیں،عوام لائحہ عمل پرمجبورہونگے،قائد متحدہ، سانحہ کوئٹہ پراظہار مذمت


Express Desk February 17, 2013
امن کے پیغام کو کمزوری نہ سمجھیں،عوام لائحہ عمل پرمجبورہونگے،قائد متحدہ، سانحہ کوئٹہ پراظہار مذمت فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے حالات پرتشویش کااظہارکیاہے اورکہاہے کہ میں نے ہمیشہ امن کادرس دیاہے۔

محبت کا پیغام دیا،پاکستان بھر کے غریبوں،مظلوموں اورمحکوموں کیلیے عزت کی زندگی کی خواہش رکھی ہے،35 سال سے دن رات جدوجہدکررہے ہیں،ہمیشہ کرتے رہیںگے اوراپنی حق پرستانہ جدوجہد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے،میری پوری زندگی اس بات کی عکاس ہے کہ میں نے اپنے مشن ومقصدکیلیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیںکیا۔الطاف حسین نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ میدانِ عمل میں آکراس جدوجہد کوآگے بڑھائیں۔الطاف حسین نے کہا کہ میری امن کے درس کو،میرے محبت کے پیغام کوہماری کمزوری تصورکرنے والے یہ جان لیں کہ کراچی کے عوام اپنے خلاف ہونے والی سازشوں،غنڈہ گردی،قتلِ عام اورنسل کشی پراپنی حفاظت کیلیے انتہائی اقدامات پرمجبورہوسکتے ہیں۔الطاف حسین نے کہاکہ جو قوتیں اورگروپ کراچی کے عوام کولاوارث سمجھ کرقتلِ عام کررہے ہیں۔

وہ یادرکھیں کہ عوام اب ان کے مظالم سے محفوظ رہنے کیلیے ازخودلائحۂ عمل بنانے پرمجبورہونگے۔الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ذریعے حق پرست عوام سے کہاکہ وہ اپنی اوراپنی نسلوں کی بقاکیلیے سر جوڑکربیٹھیں،تاریخ گواہ ہے ہم نے نہ پہلے کبھی ظلم کے آگے سرجھکایانہ آئندہ کبھی سرجھکائیںگے، الطاف حسین نے کہاکہ میں جمہوریت کازبردست حامی ہوں اورہم نے جمہوری عمل کے ذریعے ہی اپنی تحریک کو ملک بھر میں پھیلایا ہے لیکن آج جمہوریت کے نام پرجبر کی بدترین شکل سامنے لائی جارہی ہے اور غیرجمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے جمہوریت کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگائے جارہے ہیں۔



الطاف حسین نے کہاکہ لینڈ مافیا،ڈرگ مافیااوراغوا برائے تاوان سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد سے ملاقاتیں کر کے انہیں سیاسی رہنمابناکر پیش کیا جارہا ہے اورملک کے سب سے روشن خیال جمہوریت پسنداور حب الوطن شہر کے چہرے کو داغدار کیا جارہاہے۔الطاف حسین نے کہا کہ میں آج بھی امن کادرس دے رہا ہوں لیکن ساتھ ساتھ قوم کوجبرکاسامنا کرنے کا حوصلہ دینا بھی میرے منصب میں شامل ہے،جب عوام کوتحفظ دینے اور امن قائم کرنے کی ذمے دارقوتیں عوام کوتحفظ دینے کے بجائے جرائم پیشہ افراداوردہشتگردوںکی پشت پناہی کررہی ہوں تومظلوم عوام کواپنی حفاظت اور بقاکیلیے ازخود کھڑاہوناہوگا۔

دریں اثنا الطاف حسین نے کوئٹہ کرانی روڈپربم دھماکے کی سخت مذمت کی ہے اوراس نتیجے میں متعدد افرادکے جاں بحق وزخمی ہونے پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے،ایک بیان میں الطاف حسین نے بم دھماکے میں جاں بحق افرادکے تمام سو گوارلواحقین دلی تعزیت ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورصدرزرداری،وزیراعظم راجا پرویز اشرف اوروفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک سے مطالبہ کیاہے کہ وہ کو ئٹہ کرانی روڈپربم دھماکے کافوری نوٹس لیں اوراس ملوث دہشتگردوںکو گرفتارکرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزادی جائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں