ماریا شراپووا کی گرینڈ سلم میں فاتحانہ واپسی ہالیپ ناکام

30 سالہ روسی پلیئر نے 6-4، 4-6 اور 6-3 سے کامیابی حاصل کی


AFP August 30, 2017
الیگزینڈراکرونک نے حیران کن طور پر7سیڈجوہانا کونٹا کو زیرکر لیا، وینس فتحیاب۔ فوٹو فائل

KARACHI: ٹینس اسٹار ماریا شراپووا کی 15ماہ ڈوپنگ میں پابندی کے بعد گرینڈ سلم ایونٹ میں فاتحانہ واپسی ہوئی ہے۔

ماریا شراپووا نے یو ایس اوپن کے اپنے پہلے مقابلے میں سیکنڈ رینکڈ پلیئر سیمونا ہالیپ کی ہی چھٹی کردی، 30 سالہ روسی پلیئر نے 6-4، 4-6 اور 6-3 سے کامیابی حاصل کی، اس کے ساتھ ان کا حریف پر باہمی مقابلوں میں کامیابی کا تناسب بھی 7-0 ہوگیا ہے۔ اب ان کا مقابلہ دوسرے راؤنڈ میں ہنگوریہ کی ٹائمی بابوس سے ہوگا جس سے پہلے وہ کبھی نہیں ٹکرائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس آسٹریلین اوپن کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد شراپووا کا یہ پہلا گرینڈ سلم ایونٹ ہے، وہ اس وقت عالمی درجہ بندی میں 146 ویں نمبر پر ہیں۔ دیگر مقابلوں میں تھرڈ سیڈ اسپینش پلیئر گاربین مگروزا نے امریکا کی واروارا لیپچینکو کو مات دی، سربیا کی 78 رینکڈ پلیئر الیگزینڈرا کرونک نے حیران کن طور پر آسٹریلیا میں جنم لینے والی برطانیہ کی 7 سیڈ جوہانا کونٹا کو زیرکر لیا، کیرولین پلسکووا اور وینس ولیمز نے بھی ابتدائی میچز جیت لیے۔

دوسری جانب مینز ایونٹ میں جرمن 4 سیڈ الیگزینڈر زویریف نے بارباڈوس کے کوالیفائر ڈیرن کنگ کو شکست دی، مارن کلک بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں