مسلح افواج ہزارہ کمیونٹی کے قاتلوں کیخلاف کارروائی کرے الطاف حسین

سانحہ کوئٹہ پرملک بھر میں ہونے والے عوامی احتجاج کے باوجود حکومتی بے حسی افسوسناک ہے


Express Desk February 19, 2013
سانحہ کوئٹہ پرملک بھر میں ہونے والے عوامی احتجاج کے باوجود حکومتی بے حسی افسوسناک ہے فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزارہ کمیونٹی کے سفاک قاتلوں کیخلاف بھرپور کارروائی کریں،شہدا کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھیں اور شیعہ کمیونٹی کے جان ومال کو تحفظ فراہم کریں۔

یہ بات انھوں نے پیر کو ہزارہ قبیلے کے سردار اورہزارہ یکجہتی کونسل کے چیئرمین سردار سعادت علی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔آئی این پی کے مطابق پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہراشرفی سے فون پرگفتگوکر تے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ پردلی صدمہ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کودشمنوں کی نظر لگ گئی ہے اورہم تباہی کی طرف گامزن ہیں۔الطاف حسین نے سردار سعادت علی سے شیعہ برادری کے سفاکانہ قتل عام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم شیعہ کمیونٹی کے غم اور شہدا کے لواحقین کے سوگ میں برابرکے شریک ہیں اور شیعہ کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ایم کیو ایم ان پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہر سطح پرجدوجہد کرتے رہیں گے خواہ اس کے لیے ہمیں کتنی قربانیاں ہی کیو ں نہ دینی پڑیں۔ الطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ کے المناک واقعات پر حکمرانوں کی سرد مہری کی شدید مذمت کی۔سردارسعادت علی نے مظلوم ہزارہکمیونٹی کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرنے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ شیعہ برادری آپ کے جذبات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔



حافظ طاہر اشرفی سے فون پرگفتگوکر تے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے ایک ایک گھرکے کئی افرادشہیدہوئے ہیں ان کے لواحقین کی آہ وزاری کے مناظردیکھ کرمیرادل خون ے آنسوروتاہے، اہل تشیع کے اس سفاکانہ قتل عام پر شیعہ اورسنی مسلمان ہی نہیں بلکہ پاکستان کاہرشہری ،ہرانسان دکھی اورسراپااحتجاج ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے سانحہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے وحشیانہ قتل عام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورکہاکہ قتل کسی بھی مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے کاہووہ ایک انسان کاقتل ہے اورقابل مذمت ہے ۔انھوںنے دہشت گردی کے خاتمے اور اتحاد بین المسلمین اور احترام انسانیت کے فروغ کیلیے پاکستان علما کونسل کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کوبھرپورتعاون کایقین دلایا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے سانحہ کوئٹہ پرملک بھر میں ہونے والے عوامی احتجاج کے باوجود حکومتی بے حسی پر سخت افسوس کااظہارکیا ہے اور مطالبہ کیاہے کہ ہزارہ کمیونٹی کی نسل کشی بندکرائی جائے اوراس نسل کشی میں ملوث سفاک دہشتگردوں کوفوری گرفتارکیا جائے۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہاکہ اس سانحہ پر ہزارہ کمیونٹی کے افراد دھرنا دیے بیٹھے ہیں اورملک بھر میں اہل تشیع برادری ہی نہیں بلکہ تمام عوام سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومتی بے حسی کاعالم یہ ہے کہ اب تک کسی حکومتی شخصیت نے متاثرین سے اظہارہمدردی کیلئے کوئٹہ کادورہ کرنے کی زحمت تک گوارانہیں کی ہے ۔

حتیٰ کہ سانحے کے شدیدزخمیوں کواعلان کے مطابق علاج کے لیے تاحال کراچی بھی منتقل نہیں کیاگیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ یہ بے حسی کارویہ ترک کیاجائے، مظلوم ہزارہ کمیونٹی کی دادرسی کی جائے، دھماکے کے شدید زخمیوں کوعلاج کے لیے فوری کراچی منتقل کیاجائے۔ انھوں نے ہزارہ کمیونٹی سے دلی ہمدردی اورمکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم آزمائش کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اورانھیں انصاف دلانے کے لیے ہرسطح پر آوازبلندکرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں