7 اسٹار اینڈرسن نے ویسٹ انڈین بیٹنگ کو مسمارکردیا

تباہ کن بولنگ نے انگلینڈ کو میچ میں9 وکٹ اورسیریز میں 2-1 سے فتح دلادی


AFP September 10, 2017
اینڈرسن کیلیے یہ پانچواں موقع ہے جب انھوں نے لارڈز میں ایک اننگز کے دوران 5 یا اس سے زائد وکٹیں لیں۔ فوٹو: نیٹ

تیسرے ٹیسٹ میں 7 اسٹار جیمز اینڈرسن نے ویسٹ انڈین بیٹنگ کومسمار کردیا، ان کی تباہ کن بولنگ نے انگلینڈ کو میچ میں9 وکٹ اورسیریز میں 2-1 سے فتح دلادی۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 9 وکٹ سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی، میزبان سائیڈ نے تیسرے ہی روز ملنے والا 107 رنز کا ہدف 28 اوورز میں صرف ایک ہی وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا، اوپنر الیسٹر کک 17 رنز پر دیویندرا بشو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تاہم مارک اسٹونمین (40) اور ٹام ویسٹلے (44) نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔

اس سے قبل جیمز اینڈرسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو دوسری اننگز میں لنچ کے فوری بعد ہی 177 رنز پر ڈھیر کردیا، اس دوران انھوں نے 20.1 اوورز میں 42 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں جوٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بہترین پرفارمنس ہے، اس سے قبل اینڈرسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2008 میں ٹرینٹ برج میں 43 رنز دے کر اتنے ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

129 ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں اینڈرسن کیلیے یہ پانچواں موقع ہے جب انھوں نے لارڈز میں ایک اننگز کے دوران 5 یا اس سے زائد وکٹیں لیں، اسی میچ کے دوران انھوں نے انگلینڈ کی جانب سے 500 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے بولر کا اعزاز بھی پایا تھا۔

ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرکے ویسٹ انڈیز کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے شائی ہوپ اس بار بھی اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے، انھوں نے 62 رنز بنائے جبکہ اوپنر کیرن پاول نے 45 رنز اسکور کیے، 7 کھلاڑیوں کو تو 5 رنز سے آگے بڑھنا بھی نصیب نہیں ہوا۔

قبل ازیں انگلینڈ نے ایجبسٹن میں سیریز کا ابتدائی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ بھی3 دن کے اندر اننگز اور 209 رنز سے جیتا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں