کلدیپ نے آسٹریلوی امیدوں کے دیپ بجھا دیے

بھارتی اسپنر کی ہیٹ ٹرک،کوہلی کے 92 رنز،اجنکیا راہنے نے نصف سنچری بنائی


Sports Desk/AFP September 22, 2017
بھارتی اسپنر کی ہیٹ ٹرک،کوہلی کے 92 رنز،اجنکیا راہنے نے نصف سنچری بنائی

کلدیپ نے آسٹریلوی امیدوں کے دیپ بجھا دیے، بھارتی اسپنر کی ہیٹ ٹرک نے دوسرے ون ڈے میں بھی کینگروز کو کہیں کا نہ چھوڑا، 50 رنز کی شکست سے سیریز میں خسارہ بھی 0-2 ہوگیا، 253 رنزکے تعاقب میں مہمان ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی، مارکوس اسٹوئنس 62 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، کپتان اسٹیون اسمتھ نے بھی 59 رنز بنائے، کلدیپ یادیو اور بھونیشور کمار نے 3، 3 وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے بھارت نے 252 رنز اسکور کیے، ویرات کوہلی 92 اور اجنکیا راہنے 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ناتھن کولٹر نیل اور کین رچرڈسن نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو بیٹنگ کیلیے ایک قدرے بہتر ٹریک پر 253 رنز کا ہدف ملا جو جدید کرکٹ میں زیادہ مشکل نہیں ہے،مگرآغاز میں ہی اس کے دونوں اوپنرز 9 کے مجموعے پر میدان بدر ہوگئے، دونوں کو بھونیشور کمار نے 1،1کے انفرادی اسکور پر رخصت کیا، کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مجموعے کو 85تک پہنچایا تاہم چاہل نے اس جوڑی کو توڑ کر ٹیم کو اطمینان کا سانس لینے کا موقع فراہم کیا، ہیڈ 39 رنز پر پانڈیا کا کیچ بنے، گلین میکسویل (14) زیادہ دیر تک اسمتھ کا ساتھ نہیں دے سکے۔

چاہل کی گیندکو باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں وہ اسٹمپڈ ہوگئے، آخر اسمتھ بھی 59 رنز پر پویلین لوٹ گئے، پانڈیا کی گیند پر متبادل فیلڈر جڈیجا نے ڈیپ اسکوائر لیگ سے دوڑتے ہوئے آکر کیچ تھاما، آخر میں اسٹوئنس نے مزاحمت کی مگر دوسرے اینڈ سے انھیں مدد نہیں مل سکی، اس دوران کلدیپ نے میتھیو ویڈ، ایشٹون ایگر اور پیٹ کمنز کو مسلسل تین گیندوں پر میدان بدر کیا، آسٹریلیا نے آخری کھلاڑی رچرڈسن (0) کے خلاف ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ چیلنج کیا مگر ریویو کے بعد ان کے آؤٹ کی تصدیق کیلیے 3 سرخ لائٹس آن ہوتے ہی آسٹریلوی امیدوں کا دیا 202 رنز پر گل ہوگیا، اسٹوئنس 62 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھونیشور کمار اور کلدیپ نے 3، 3 جبکہ پانڈیا اور چاہل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے بھارتی ٹیم 252 رنز پر آؤٹ ہوئی، کوہلی نے سب سے زیادہ 92 رنز بنائے، انھیں کولٹر نیل نے بولڈ کرکے سنچری سے محروم رکھا، راہنے 55 پر رن آؤٹ ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں