ٹخنے پر گیند لگنے سے ایون لیوس ڈبل سنچری کا سنہری موقع گنوا بیٹھے

چوٹ اتنی زوردار تھی کہ ایون لیوس نیچے گرپڑے۔


AFP September 28, 2017
یہ لیوس کی کیریئر بیسٹ ون ڈے اننگز ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں ٹخنے پر گیند لگنے سے ویسٹ انڈین اوپنر ایون لیوس ڈبل سنچری کا سنہری موقع گنوا بیٹھے۔

47ویں اوور میں جیک بال کی گیند بیٹ کے اندورنی کنارے سے ٹکرا کر ایون لیوس کے ٹخنے پر لگی، چوٹ اتنی زوردار تھی کہ وہ نیچے گرپڑے، انھیں کافی دیر تک فیلڈ میں ہی طبی امداد دی گئی مگر کوئی بہتری نہ آنے پر اسٹریچر پر باہر لے جایا گیا، اس وقت ان کا اسکور 176 رنز تھا جو انھوں نے 130 بالز پر بنایا، اسی پر وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے تمام چھکے سنچری مکمل کرنے کے بعد رسید کیے، یہ لیوس کی کیریئر بیسٹ ون ڈے اننگز ہے، اس سے قبل گزشتہ نومبر میں انھوں نے سری لنکا کے خلاف بولاوایو میں 148 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف اس میچ میں ان کا 122 رنز پر کیچ بھی ڈراپ ہوا تھا، لیوس کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے5 وکٹ پر 356 رنز بنائے۔ اس میں جیسن ہولڈر کے77 اور جیسن محمد کے 46 رنز بھی شامل رہے، کرس گیل پہلے ہی اوور میں صرف 2 رنز بناکر کرس ووئکس کی گیند پر فرسٹ سلپ میں جوئے روٹ کا کیچ بن گئے تھے، ووئکس نے تین وکٹیں لیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں