مردم شماری کے بعد آبادی بڑھنے سے پاکستانی حج کوٹا بھی زیادہ ہوگا

28 ہزار 564 اضافے کے بعد حج کوٹا  2 لاکھ7 ہزار ہو جائے گا، حکومت پاکستان نے سعودی عرب کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا


Nasiruddin October 09, 2017
ملک کی آبادی بڑھ کر 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 ہوگئی، سعودیہ ہر ملک کو اس کی آبادی کا0.1 فیصد حج کوٹا دیتا ہے۔ فوٹو: فائل

حالیہ مردم شماری میں پاکستان کی آبادی بڑھنے سے پاکستان کے حج کوٹے میں بھی اضافہ ہو جائے گا جس کے بعد پاکستان کا حج کوٹا ایک لاکھ 80 ہزار سے بڑھ کر 2 لاکھ 7 ہزار ہو جائے گا۔

حالیہ مردم شماری میں پاکستان کی آبادی میں اضافے کے بعد وزارت مذہبی امور نے پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کیلیے کوششیں شروع کر دی ہیں اور آئندہ حج پالیسی کے اعلان سے قبل سعودی عرب سے حج کوٹے میں اضافے کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا، سعودی حکومت دنیا کے ہر ملک کو اس کی آبادی کا0.1 فیصد حج کوٹا دیتی ہے، اس لحاظ سے پاکستان کی آبادی بڑھنے کے بعد پاکستان کے حج کوٹے میں 28 ہزار 564 کا اضافہ ہوجائے گا۔

حالیہ مردم شماری کے بعد پاکستان کی آبادی بڑھ کر 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 5 سو 20 ہوگئی ہے، اس وقت سعودی عرب سے پاکستان کو ملنے والا حج کوٹا ایک لاکھ 79 ہزار210 ہے، آبادی میں اضافے کے بعد پاکستان کا حج کوٹا ایک لاکھ 79 ہزار210سے بڑھ کر2 لاکھ 7 ہزار774 ہو جائے گا، اس سلسلے میں حکومت پاکستان جلد سعودی حکومت کو خط لکھے گی تاکہ پاکستان کے حج کوٹے میں جلد از جلد اضافہ ہو جائے اور وزارت مذہبی امور حج کوٹا بڑھنے کے بعد حج 2018 کے انتظامات کر سکے۔

پاکستان کے حج کوٹے کے مقابلے میں فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے درخواستیں دینے والوں کی تعداد ہر سال کہیں زیادہ ہوتی ہے اور اس میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں اس وقت حج کوٹے کی تقسیم کچھ اس طرح ہوتی ہے کہ کل حج کوٹے کا 60 فیصد سرکاری اسکیم اور 40 فیصد پراؤیٹ اسکیم کیلیے مختص کیا جاتا ہے۔

پاکستان کا سعودی حکومت سے دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ پاکستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے جانے والے عازمین حج کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر حج کوٹے میں اضافہ کیا جائے لیکن سعودی حکومت کی حج کوٹے کے حوالے سے اپنی پالیسی ہے کہ حج کوٹا کسی ملک کی آبادی کے لحاظ سے دیا جائے گا، حج کوٹے میں اضافے کے بعد وزارت مذہبی امور زیادہ سے زیادہ حج درخواستوں کو نمٹائے گی، پراؤیٹ حج گروپ آرگنائزرزکوکوٹے کی تقسیم میں بھی آسانی ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سے دنیا کے مختلف ممالک کو ملنے والے حج کوٹے کے لحاظ سے انڈونیشیا پہلے نمبر پر ہے، انڈونیشیا کا حج کوٹا 221000 ہے، پاکستان کا فی الوقت حج کوٹا 179210 ہے، بھارت کا حج کوٹا 170000، بنگلہ دیش کا 127198، مصر کا 108000 اور ایران کا 86500 ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں