’’ نائٹ واک‘‘ انوکھا تفریحی ٹور

شرکاء میکسیکو سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی مشق کرتے ہیں


ندیم سبحان میو October 19, 2017
شرکاء میکسیکو سے غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی مشق کرتے ہیں؛فوٹوفائل

میکسیکو کی سرحد ریاست ہائے متحدہ امریکا کی سرحد سے ملتی ہے۔ میکسیکو سے غیرقانونی طور پر سرحد پار کرکے سالانہ درجنوں افراد امریکی سرزمین پر قدم رکھنے میں کام یاب ہوجاتے ہیں۔ بہتر مستقبل کی تلاش میں یہ لوگ جان ہتھیلی پر رکھ کر یہ قدم اٹھاتے ہیں۔ پُرآسائش زندگی کی خواہش انھیں اس سفر پر مجبور کرتی ہے جہاں انھیں کسی بھی لمحے موت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ سرحد کے دونوں جانب مسلح فوجی موجود ہوتے ہیں جو گولی چلانے میں ایک لمحے کی تاخیر نہیں کرتے۔

اگر آپ کی طبیعت میں مہم جُوئی ہے اور آپ اس سنسنی خیزی، خوف اور امید کو محسوس کرنا چاہتے ہیں جس سے امریکی سرزمین پر غیرقانونی طور پر قدم رکھنے کی خواہش کرنے والے دوچار ہوتے ہیں تو پھر ' نائٹ واک' آپ ہی کے لیے ہے۔ نائٹ واک دراصل ایک تفریحی ٹور کا نام ہے مگر یہ عام تفریحی ٹور سے یکسر مختلف ہے۔ سیروتفریح کے انتظامات کرنے والے ادارے عام طور پر اپنے مہمانوں کو پُرفضا مقامات پر لے کر جاتے ہیں۔ اور عام لوگ بھی انھی مقامات کی طرف جانا پسند کرتے ہیں جہاں وہ زندگی کی مصروفیات سے دور رہ کر کچھ وقت گزار سکیں۔ نائٹ واک اس تصور سے بالکل مختلف تفریحی ٹور ہے۔

نائٹ واک کا اہتمام 2004 ء سے کیا جارہا ہے۔ ٹور پر جانے کے خواہش مندوں کو تین ہزار ایکڑ پر پھیلے ہوئے Parque EcoAlberto پارک میں لے جایا جاتا ہے جو سرکار کی ملکیت ہے۔ پارک کا انتظام مقامی قبیلے کے ذمے ہے۔

نائٹ واک ٹور بھی اسی قبیلے کے سرکردہ افراد کے ذہن کی پیداوار ہے۔ ٹور کے لیے پارک کے بارہ کلومیٹر طویل علاقے میں وہی ماحول پیدا کیا گیا ہے جو میکسیو اور امریکا کی مشترکہ سرحد کے اطراف ہوتا ہے۔ یہاں امریکی اور میکسیکن سرحدی محافظوں کی وردیاں پہنے مسلح اہل کار بھی ہیں۔ تین گھنٹے طویل ٹور کے دوران، مہمانوں کو میکسیکو کی فرضی سرحد عبور کرکے امریکی سرزمین پر قدم رکھنا ہوتا ہے۔ اس دوران وہ ناہموار ریگستانی اور پہاڑی علاقوں میں دوڑتے ہیں، ندی نالے پار کرتے ہوئے کانٹے دار جھاڑیوں سے گزرتے ہیں۔ سرحدی محافظ ان کے تعاقب میں ہوتے ہیں۔ وہ انھیں مغلظات بکتے اور ان پر ربڑ کی گولیاں چلاتے ہیں۔

اس انوکھے تفریحی ٹور پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔ بعض امریکی کہتے ہیں اس کا مقصد لوگوں کو غیرقانونی طور پر امریکی سرحد پار کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ تاہم پارک کی انتظامیہ اس الزام کی تردید کرتی رہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ تفریحی ٹور کا مقصد درحقیقت لوگوں میں شعور بیدار کرنا ہے کہ روشن مستقبل کے لالچ میں اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ بہرحال مہم جُو طبیعت کے مالک افراد اس ٹور سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں